کوہاٹ میں زہریلی چائے پینے سے ایک مدرسے کے 34 طلبہ کی حالت غیر ہوگئی

ناشتے کے وقت مدرسے کی کینٹین سے چائے پینے کے بعد طلبہ بے ہوش ہوگئے ٬ْمدرسہ حنفیہ کے طلباء کی گفتگو

پیر 10 اکتوبر 2016 18:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں زہریلی چائے پینے سے ایک مدرسے کے 34 طلبہ کی حالت غیر ہوگئی۔جرما پولیس کے مطابق مدرسہ حنفیہ کے طالب علموں نے بتایا کہ ناشتے کے وقت مدرسے کی کینٹین سے چائے پینے کے بعد طلبہ بے ہوش ہوگئے۔پولیس کے مطابق متاثرہ طلبہ کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے ڈی اے اور لیاقت میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

کے ڈی اے ہسپتال کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر زین العابدین نے بتایا کہ تمام متاثرہ طلبہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید بتایا کہ طلبہ کے خون کے نمونے لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوائے جاچکے ہیں۔گذشتہ ماہ ستمبر میں بھی صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں واقع کرنل شیرخان کیڈٹ کالج کے 200 سے زائد طلبہ کی حالت مبینہ طور پر زہریلی بریانی کھانے کے باعث غیر ہوگئی تھی۔ایک متاثرہ طالب علم نے بتایا تھا کہ انھوں نے رات کو کھانے میں بریانی کھا کر کولڈ ڈرنک پی تھی٬ جس کے بعد انھیں قے اور پیٹ میں شدید درد شروع ہوگیا۔بعدازاں صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے بتایا تھا کہ طلبہ کی طبیعت فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے بگڑی٬ جنھیں بروقت طبی امداد دے دی گئی۔