مسلم لیگ (ن )کی مرکزی مجلس عاملہ کی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام پر بھارتی فوج کے مظالم اورانسانی حقوق کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت

حق رائے دہی کیلئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی ہر ممکن سیاسی٬ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی ٬ْ قرار داد میں نواز شریف کی قیاد ت پر مکمل اعتماد کا اظہار دفاع وطن کیلئے پوری قوم متحد ہے ٬ْ ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا مٴْنہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ٬ْمجلس عاملہ

پیر 10 اکتوبر 2016 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کی مرکزی مجلس عاملہ نے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام پر بھارتی فوج کے مظالم اورانسانی حقوق کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حق رائے دہی کیلئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی ہر ممکن سیاسی٬ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی ۔ مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پیر کو یہاں وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

مرکزی مجلس عاملہ نے ایک قرارداد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم کے جرات مندانہ اور مدبرانہ خطاب کو کشمیری اور پاکستانی عوام کی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کا حامل قرار دیتے ہوئے اسے سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنمائوں اور بین الاقوامی اداروں سے وزیراعظم کے رابطوں نے واضح کر دیا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اوراس سے اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

مجلس عاملہ نے بھارت کے جارحانہ رویئے اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دفاع وطن کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا مٴْنہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کے سیاسی عزم کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کو نہایت نتیجہ خیز قرار دیا۔

مسلح افواج کی روایتی جرات و بہادری٬ پولیس٬ سول آرمڈ فورسز٬ عوام اور تمام متعلقہ اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور تربیت گاہوں پر کاری ضرب لگی ہے۔ مجلس عاملہ اس یقین کا اظہار کرتی ہے کہ بہت جلد اس ناسور کا جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ مجلس عاملہ نے سی پیک اور تعمیر و ترقی کے دیگر منصوبوں کو ملک کے تمام حصوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

ملکی معیشت کی بہتری اور تین سال کے مختصر عرصے میں پاکستان کی اقتصادی حالت کو اس مقام پر لے آنا کہ بیرونی غیر جانبدار ادارے بھی اعتراف کریں٬ انتہائی قابل تعریف ہے۔ اس سلسلے میں ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے سے حکومت کی شاندار کارکردگی سامنے آتی ہے۔ مجلس عاملہ نے اس امر پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد سے لے کر اب تک ضمنی انتخابات٬ کینٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات٬ بلدیاتی انتخابات٬ گلگت بلتستان کے انتخابات اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کے بھرپور اعتماد کی واضح علامت ہے۔

مجلس عاملہ نے کراچی اور بلوچستان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کوبھی انتہائی اہم کامیابی قرار دیا۔ مجلس عاملہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی پرعزم قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہم قومی امور پر وسیع تر سیاسی مشاورتی عمل نہایت مثبت اقدام ہے۔ تمام ملکی مسائل پارلیمنٹ اور آئینی و قانونی ریاستی اداروں کے ذریعے حل کرنے کی روایت جاری رہنی چاہئے۔

مجلس عاملہ نے مختلف داخلی اورخارجی امور پر وزیراعظم کی تفصیلی بریفنگ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جانبازوں‘ مسلم لیگ (ن) کے رہنما صدیق الفاروق کے جواں سال بیٹے اور برہان مظفر وانی سمیت کشمیری حریت پسند شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اجلاس سے راجہ ظفر الحق‘ غلام دستگیر خان‘ سرانجام خان‘ سردار یعقوب ناصر‘ صدیق الفاروق‘ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر‘ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان‘ کامران مائیکل اور بیگم نجمہ حمید نے بھی خطاب کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے پارٹی انتخابات کا شیڈول پیش کیا جس کی مجلس عاملہ نے منظوری دی۔