وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے جٹیال میں 48 کروڑ روپے کی لاگت سے چیف کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کی منظوری دے دی

عوامی مسائل حل کرنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 10 اکتوبر 2016 18:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے جٹیال میں 48 کروڑ روپے کی لاگت سے چیف کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کی منظوری دے دی ٬جس کا افتتاح 15 اکتوبر کو کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری تعمیرات اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی ہے کہ سول سیکرٹریٹ فیز 1 کا ٹینڈر جلد کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے سیکرٹری تعمیرات ٬ سیکرٹری قانون اور دیگر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے حکومت کے قیام کے بعد اداروں میں اصلاحات متعارف کرائیں٬ اداروں کے مسائل حل کئے جس کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے ۔ عوامی مسائل حل کرنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ٬ تمام اداروں میں شفافیت یقینی بنا نے کے لیے اقدامات کیے٬ محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے تحت پہلی مرتبہ میرٹ پربھرتیاں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری تعمیرات اور دیگر متعلقہ آفسران کو ہدایت کی کہ شہر کی تزئین و آرائش کے کاموں میں مذید تیزی لائی جائے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے 77 کروڑ روپے کی لاگت سے صوبے میں 20 ماڈل سکول تعمیر کیے جا رہے ہیں تا کہ بچوں کوبہتر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سیکں۔