وزیر اعظم نے روا ں سال آزادکشمیر کا یوم تاسیس شایان شان انداز میں منانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں

مرکزی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف٬وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن خصوصی طورپر شرکت کریںگی

پیر 10 اکتوبر 2016 18:00

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے روا ں سال آزادکشمیر کا یوم تاسیس روایتی طریقے سے ہٹ کر شایان شان انداز میں منانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف٬وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن خصوصی طورپر شرکت کریںگے۔

یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں پرچم کشائی صدر ریاست جبکہ ضلع مظفرآباد میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور دیگر ضلعی صدر مقامات پر منعقدہ تقاریب میں وزرائے کرام اور ممبران اسمبلی کریںگے۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر کا 69واں یوم تاسیس 24اکتوبر 2016کو پورے تزک واحترام اور ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا جائیگا۔

(جاری ہے)

دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے کیا جائیگااور فجر کی نماز کے بعد آزادکشمیر کی تمام مساجد میں آزادجموں وکشمیرومملکت پاکستان کی خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیگی۔آزادکشمیر کی تمام اہم سرکاری عمارات پر آزادجموںو کشمیر کا پرچم لہرایا جائیگا۔یوم تاسیس کی مرکز ی تقریب آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی گرائونڈ سٹی کیمپس مظفرآباد میں منعقد ہوگی۔

تقریب میں صدر آزاجموں وکشمیر ٬وزیرا عظم آزادکشمیر٬وزراء کرام ٬اراکین اسمبلی٬سیکرٹری صاحبان٬سربراہان محکمہ جات کے علاوہ معززین شہر بھی شرکت کریںگے۔اس سال یوم تاسیس کے موقع پر حکومت آزادکشمیر کی دعوت پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خصوصی طور پر مرکزی تقریب میں شرکت کریںگے۔تقریب مقامی وقت کے مطابق 8:30منٹ پر شروع ہوگی اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر پرچم کشائی کریں گے۔

اس موقع پر آزادکشمیر پولیس کے تمام کیڈرز کی ایک ایک پلاٹون اور آزادکشمیر سکائوٹس کے دستے بھی قومی پرچم کو بینڈ کے بغیر سلامی دیں گے۔ بعد ازاں پولیس کا چاق وچوبند دستی صدر کو سلامی دے گااور صدر پریڈ کامعائنہ کریںگے۔تقریب میں پولیس ملازمین کو میڈلز بھی دئیے جائیں گے۔پرچم کشائی کی تقاریب تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر بھی منعقد ہونگی ۔

ضلع مظفرآباد میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں وزیرا عظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان پرچم کشائی کریںگے٬ ضلع پونچھ میں ممبر اسمبلی خان بہادر خان٬ڈپٹی سپیکر فاروق احمدطاہر اور یاسین گلشن٬ ضلع کوٹلی میں وزیر قانون راجہ نثار احمد خان٬ضلع بھمبر میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق٬ضلع میرپور میں ممبر اسمبلی چوہدری سعید٬ ضلع پلندری میں وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان٬ضلع حویلی میں وزیر تعمیر ات عامہ چوہدری محمد عزیز٬ضلع باغ میں وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان٬ضلع نیلم میں سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادرجبکہ ضلع ہٹیاں بالا میں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی پرچم کشائی کریں گے۔

جبکہ یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کے زیر اہتمامی یوم تاسیس کے حوالہ سے خصوصی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں آزادکشمیر کی تمام یونیوسٹیز کے وائس چانسلرز شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں صدر ٬وزیر اعظم٬سپیکر اور وزراء کرام خصوصی شرکت کریںگے۔آزادکشمیر کے سکولز اور کالجز میں یوم تاسیس کے حوالہ سے تقرری مقابلے اور مباحثے بھی ہونگے جبکہ 23اکتوبر کی شام کو کشمیر لبریشن سیل اور کشمیر کلچرل اکیڈمی کے تعاون سے نٹرول سٹیڈیم میں کشمیر کلچرل نائیٹ منانے کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر اس سال یوم تاسیس کے سلسلہ میں آزادکشمیر بھر میںمنعقد ہونیو الی جملہ تقاریب ٬تحریری وتقریری مقابلوں اور تشہیر کے سلسلہ میں جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں آزادکشمیر کے موجودہ علاقہ اور گلگت بلتستان کی آزادی کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ گزشتہ تقریباً سات عشروں سے جاری تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال شہادتوں اور قربانیوں کو بھی اجاگر کیا جائیگا۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کو دبانے کے لیے بھارتی تشدد کی بھرپور مذمت کی جائیگی۔اس حوالہ سے اخبارات میں خصوصی سپلیمنٹ بھی شائع کیے جائیں گے اور تحریر ی وتقرری مقابلے جات بھی منعقد کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :