وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات٬ قومی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

روزنامہ ڈان کی سلامتی امور پر من گھڑت خبر کی اشاعت پر اظہار تشویش٬ قومی سلامتی امور کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا فوج اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنا کردار جاری رکھیں گے٬ دہشت گردی کے خلاف جنگ بلا امتیاز اور کامیابی سے جاری ہے٬ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام فریقوں کا مکمل اتفاق ہے٬وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں شرکا ء اجلاس کا اتفاق

پیر 10 اکتوبر 2016 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں قومی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ملاقات میں روزنامہ ڈان کی سلامتی امور پر من گھڑت خبر کی اشاعت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی امور کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ۔

پیر کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم میاں نواز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار‘ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ‘ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے روزنامہ ڈان کی سلامتی امور پر من گھڑت خبر کی اشاعت پر اظہار تشویش کیا۔ روزنامہ ڈان نے گزشتہ ہفتے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق خبر شائع کی تھی۔ روزنامہ ڈان کی خبر قومی سلامتی امور کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ روزنامہ ڈان کی غلط اور گمراہ کن خبر سے ریاست کے مفاد کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ڈان کی خبر کا قومی سلامتی کے اجلاس میں ہونے والی بات چیت اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اس موقع پر شرکاء نے اتفاق کیا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو مفروضوں پر مبنی رپورٹوں سے اجتناب کرنا چاہئے اور رپورٹنگ میں قومی سلامتی اور ریاست کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا ہے اور وزیراعظم نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے نشاندہی کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ فوج اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ بلا امتیاز اور کامیابی سے جاری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام فریقوں کا مکمل اتفاق ہے۔ (ن غ)

متعلقہ عنوان :