پاکستانی نوجوان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

عرفان محسود نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ سے سب سے زیادہ کک لگا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوایا پاکستان کی مثبت اور بہتر تصویر دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں٬ ہم دہشتگرد نہیں ٬ تعلیم اور کھیل دونوں میں مہارت رکھتے ہیں٬عرفان محسود

پیر 10 اکتوبر 2016 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان کے قابل فخر سپوت عرفان محسود ایک جانب ایم فل کے طالبعلم ہیں تو اپنے گھر سے دور ایک دوسرے شہر میں رہائش پذیر ہیں لیکن حال ہی میں انہوں نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ سے سب سے زیادہ کِک لگانے کا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔محمد عرفان محسود نے احمد امین بودلہ کا وہ ریکارڈ توڑ دیا ہے جس میں انہوں نے ایک ٹانگ سے ایک منٹ میں لگاتار فل کانٹیکٹ ککس لگائی ہیں۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے عرفان محسود کے اس ریکارڈ کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

26 سالہ عرفان کا تعلق وزیرستان کی تحصیل لدھا سے ہے اور انہوں نے ایک منٹ میں 87 ککس لگائیں جبکہ اس سے قبل پاکستان کے ہی احمد امین بودلہ نے اس دوران 79 ککس لگائی تھیں جو اس وقت کا ورلڈ ریکارڈ تھا۔محسود نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی مارشل آرٹ کا جنون تھا اور 2005 میں میٹرک کے بعد میں نے باقاعدہ تربیت شروع کردی تھی جب کہ ماہِ رمضان میں بھی روزے کی حالت میں ہونے کے باوجود اپنی ٹریننگ اور ورزش نہیں چھوڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور وزیرستان کے لوگوں کا مثبت اور بہتر تصویر دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں٬ ہم دہشتگرد نہیں بلکہ ہم تعلیم اور کھیل دونوں میں مہارت رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :