کراچی کی ہندو برادری نے محرم الحرام کے احترام میں رام لیلا تھیٹر منسوخ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 10 اکتوبر 2016 16:19

کراچی کی ہندو برادری نے محرم الحرام کے احترام میں رام لیلا تھیٹر منسوخ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 اکتوبر 2016ء) : محرم الحرام کے احترام میں کراچی کی ہندو برادری نے رواں سال نوراتری کے موقع پر اپنا رام لیلا کا تھیٹر منسوخ کر دیا ہے۔ ہندو برادری کی جانب سے کیا گیا یہ فیصلہ بین المذہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کارآمد ثابت ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ہندو برداری ہر سال سوامی نارائن مندر میں نوراتری کے موقع پر رام لیلا کی کہانی پر مبنی ایک تھیٹر پرفارمنس میں 50 فٹ لمبا راوانا کا ایک پتلا نذر آتش کرتے ہیں۔

نوراتری ہندوؤں کا ایک تہوار ہے جس میں ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد نو دن تک امبے ماتا درگا کی یاد اور رام کی راوانا سے جیت کی خوشی میں مناتے ہیں، جو برائی کی اچھائی پر جیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس تہوار پر ہندو برادری دن بھر فاقہ کرنے کے بعد رات میں رقص کرتی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس برس محرم الحرام کے احترام میں ہندو برادری نے ایسا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوامی نارائن مندر نائب صدرکشن لال نے بتایا کہ ہر سال ہندوؤں کی ایک بڑی تعداد اس تہوار میں شریک ہونے اور رام لیلا دیکھنے یہاں آتی ہے۔ لیکن چونکہ محرم الحرام میں سکیورٹی کے پیش نظر سڑکیں بند ہونے کے باعث متعدد لوگ یہاں نہیں پہنچ سکتے لہٰذا ہم نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے ہم سے رام لیلا تھیٹر نہ کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔

لیکن بلا شبہ مسلمان ہمارے بھائی ہیں، وہ ہماری عزت کرتے ہیں اور ہم ان کی عزت کریں گے۔ کشن لال نے مزید کہا کہ رواں سال روانا کے پُتلے کو نذر آتش بھی نہیں کیا جائے گا کیونکہ ایسا محض رام لیلا کی پرفارمنس کے دوران ہی کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے دشمنوں خاص کر بھارت کی جانب سے بار بار یہ واویلا مچایا جاتا ہے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری نام کی کسی چیز کا کوئی وجود نہیں ہے۔ تاہم ہندو برادری کی جانب سے لیے گئے اس فیصلے نے بھارت کے پراپیگنڈا کا منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :