پاکستان سمیت دنیا بھر میں دماغی صحت کا عالمی دن منایا گیا

پیر 10 اکتوبر 2016 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں دماغی صحت کا عالمی دن پیر کو منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد دماغی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے٬ اکثر لوگ مختلف سماجی مسائل کا شکار ہو کر نفسیاتی اور دماغی امراض میں مبتلا رہتے ہیں۔ معاشی حالات کی بہتری کے ساتھ اس کیفیت سے نمٹا جا سکتا ہے۔

ایک سماجی کارکن طاہرہ رضا نے کہا کہ ذہنی اور جسمانی تندرستی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ سماجی رویوں میں تبدیلی لاتے ہوئے تمام شہریوں کیلئے خوشحال زندگی کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گھر اور دفاتر میں ہر جگہ لوگوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہئے جو صحت مند ذہن کی علامت ہے۔ بچوں کو اپنے والدین بالخصوص بزرگ افراد کے ساتھ شائستہ رویہ رکھنا چاہئے اور ان کے دکھ درد کو بانٹنا چاہئے تاکہ وہ کسی طرح کسی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں۔

(جاری ہے)

مقامی ہسپتال کے ڈاکٹر ظفر حیات نے بتایا کہ صحت مند زندگی کیلئے صحت مند ذہن ضروری ہے جس کیلئے باقاعدہ ورزش پرسکون نیند فیملی کے ساتھ خوشگوار وقت گزارنا اور معاشی خوشحالی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کو نظر انداز کئے جانے سے وہ احساس محرومی کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس لئے معاشرے کا فرض ہے کہ وہ ہر فرد کے ساتھ اچھا برتائو رکھے اور اس کے حقوق کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں ضروری ہے کہ انسان کو تفکرات سے باہر نکالا جائے اور اس کیلئے روزگار کی فراہمی سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی توجہ کے ساتھ نفسیاتی مریضوں کی حالت کو بہتر بنا کر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :