الیکشن کمیشن نے پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی

پیر 10 اکتوبر 2016 14:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔ پیر کو چیف الیکشن کمیشن کمشنر جسٹس ( ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانامالیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن بے بنیاد الزامات پر کارروائی کا اختیار نہیں رکھتا لہٰذا پاناما لیکس پر وزیراعظم کے خلاف تمام درخواستیں مسترد کی جائیں۔

سابق اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے وزیراعظم نواز شریف٬ شہباز شریف٬ اسحاق ڈار اور حمزہ شہباز کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری نے اعتراض کیا کہ ہمیں وزیراعظم کے جواب کی کاپی فراہم نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے درخواستوں پر سماعت کے اختیار کا فیصلہ کرے۔ پاکستان عوامی تحریک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے گزشتہ سماعت پر وزیراعظم کو کام کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن کے حکم کے برعکس وزیراعظم کی جانب سے جواب داخل نہیں کیا گیا جس پر وزیراعظم کے وکیل نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں اب تک کوئی نوٹس نہیں ملا۔ وزیراعظم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن بے بنیاد الزامات پر کارروائی کا اختیار نہیں رکھتا٬ الیکشن کمیشن بے بنیاد الزامات پر وزیراعظم کے خلاف تمام درخواستیں مسترد کرے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پاناما لیکس سے متعلق تمام درخواستیں مماثلت رکھتی ہیں٬ تمام درخواستوں پر اعتراضات کو اکٹھا ہی سنیں گے٬ چیف الیکشن کمشنر نے پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کریں گے اعتراضات پر دلائل کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کریں۔

پیر کو ہی الیکشن کمیشن میں دیگر کیسز کی بھی سماعت ہوئی جس میں عوامی نیشنل پارٹی کی بشریٰ گوہر نے پی ٹی آئی کے سینیٹر لیاقت ترکئی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی استدعا کی۔ عمران خان کی نااہلی سے متعلق شاہ نواز ڈھلوں کی درخواست کی سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حامد خان پیش ہوئے جنہوں نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج نہیں کیا٬ ہم سامنا کرنے کو تیار ہیں۔ سپیکر کی جانب سے بھی عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا٬ اسپیکر کے ریفرنس اور درخواست کو منسلک کر کے ایک ساتھ سماعت کرلی جائے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت بھی 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔