Live Updates

عمران خان کا قومی اسمبلی٬عدالتوں اور ہر فورم میں سامنا کرنے کو تیار ہیں٬ عدالتوں میں جو ثبوت مانگے جایئں گے پیش کریں گے٬عمران خان یو ٹرن لینے کے عادی ہیں٬ اس کیس میں بھی راہ فرار اختیار کریں گے ٬پچھلے دروازے سے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی ہوگی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کی میڈیا سے گفتگو

پیر 10 اکتوبر 2016 13:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کا قومی اسمبلی٬عدالتوں اور ہر فورم میں سامنا کرنے کو تیار ہیں٬ عدالتوں میں جو ثبوت مانگے جائیں گے پیش کریں گے۔ پیر کو اسلام آباد میں الیکشن کمشن کے دائرہ اختیار پر درخواستوں کی سماعت 2نومبر تک ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ دو سالوں شکست و ریخت کر رہے٬ عوام اب ان کے جھوٹ کو سمجھ چکے ہیں۔

انہوں نے لوگوں کو نیا پاکستان بنانے کا جھانسہ دیا اور کچھ کر کے نہیں دکھایا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں اینٹی کرپشن کو فعال کرنے کا ڈھونگ رچایا اور وہاں ایک افسر طورو کو تعینات کیا جس نے شعبہ ہیلتھ میں کروڑوں روپے کی جعلی ادویات اور کروڑوں کی جعلی پیمنٹس کو پکڑا تاہم جہانگیر ترین کی این جی او کے ملوث ہونے کے شواہد ملنے پر مذکورہ آفسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا میں تین سو ہائیڈل پاور٬ 2ہزار4 سو میگا واٹ بجلی٬ایک نظام تعلیم٬ شیرف سسٹم٬ ہسپتالوں میں بورڈ کا اجراء اور پو لیس ریفارم کے وعدے کئے جو سب کے سب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ اس سے قبل بھی عمران خان نجم سیٹھی پر 35 پنکچر کا جھوٹا الزام لگا چکے ہیں جس پر عدالت نے انہیں 46 نوٹس بھجوائے اور وہ عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور ٹیلی ویژن پر خود کہا کہ وہ ایک سیاسی بیان تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان یوٹرن لینے کے عادی ہیں اس کیس میں بھی راہ فرار اختیار کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کو قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر صفائی پیش کرنے کا موقع فراہم کیا تاہم وہ سامنا نہیں کر پائے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ہے اس سے قبل جب وزیر اعظم محمد نواز شریف قومی اسمبلی میں تشریف لائے تو عمران خان مردوں کی طرح سوال کرنے کی بجائے باہر چلے گئے۔

انھوں نے کہا کہ 30 اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنا ایک ڈھکوسلہ ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ٬ وجیہہ الدین جسے لوگ انہیں چھوڑکر جا رہے ہیں ان کے سوشل میڈیا کا سربراہ انہی کے خلاف اخبارات میں بیانات دے رہا ہے ۔ہم عوام کے سامنے عمران خان کے تمام جھوٹ کھول کر پیش کریں گے۔ عمران خان پچھلے دروازے سے وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اب وہ دور چلا گیا ہے ٬ اب وزیر اعظم بننے کے لئے آپ کو عوام کے لئے کچھ کر کے دکھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں کا احترام نہیں کرتے چند نوجوانوں کو لیکر سڑکوں پر لعن طعن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سڑکوں پر نہیں جائیں گے پر فورم اور عدالت میں انکا سامنا کرنے کو تیار ہیں اور عدالتوں نے جو ثبوت مانگے وہ پیش کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات