پاکستانی وزیر اعظم سی پیک پر عملدر آمد کیلئے پرعزم ہیں ‘ وہ بارہا اس منصوبے کو پاکستان اور خطے کیلئے گیم چینجر قرار دے چکے ہیں ‘ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان میں کئی بڑے منصوبے جاری ہیں ‘منصوبہ پاکستان سمیت خطے کے ممالک کیلئے ترقی کا پیغام لائیگا ٬ چینی میڈیا

پیر 10 اکتوبر 2016 13:40

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) چینی ذرائع ابلاغ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی حمایت اور اس کو مکمل کرنے کے عزم کے سلسلے میں پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زبردست تعریف کررہا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق چائنا ڈیلی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کئی مواقع پر اعلان کیا ہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور خطے کے ممالک کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا اس سے چین سینٹرل ایشیاء ٬جنوبی ایشیاء ٬ مشرق وسطیٰ اور پاکستان کے تین ارب سے زیادہ عوام کیلئے ترقی و خوشحالی کا پیغام لائے گا ٬چین پاکستان اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کا حصہ ہے ٬ جس کا اعلان تین سال پہلے کیا گیا تھا ٬ اس منصوبے کے علاقائی عالمی معیشت اور طویل المیعاد بین الاقوامی اقتصادی پیداوار پر بھی اثرات مرتب ہوں گے ۔

(جاری ہے)

چین ذرائع ابلاغ کے مطابق سی پیک کے ذریعے پاکستان میں بنیادی ڈھانچہ بڑی تیزی سے ترقی کررہا ہے ٬ اپریل 2016ء میں قراقرم ہائے وے کی پاکستانی حصے کی تعمیر شروع کی گئی تھی جب کہ مئی میں پشاور کراچی ایکسپریس وے (سکھر ملتان سیکشن ) پر کام شروع کیا گیا تھا ہے جو کہ سی پیک کے تحت نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کا ایک بڑا منصوبہ ہے ۔دریں اثنا اگست میں پاکستان کے صوبے پنجاب میں شورکوٹ سے خانیوال تک 64کلومیٹر ایم فور ہائے وے کی تعمیر پر کام کا آغاز ہوا ٬ پاکستان کا یہ پہلا منصوبہ ہے جس کو چین کے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کی مالی معاونت حاصل ہے ٬ سی پیک منصوبے کے تحت گوادر کی بندر گاہ ٹرانسپورٹ کا بنیادی ڈھانچہ ٬ توانائی اور صنعتی تعاون کو ترقی دی جارہی ہے ٬ یہ منصوبہ ون پلس فور تعاون کہلاتا ہے ۔

چینی میڈیا کے مطابق اقتصادی شاہراہ ریشم جو چین کو مرکزی اور مغربی ایشیا ء کے زمینی راستوں سے یورپ کو ملاتی ہے اور اکیسویں صدی کی بحری شاہراہ ریشم جو چین کو جنوب مشرقی ایشیاء ٬ افریقہ اور یورپ کو سمندر کے ذریعے ملاتی ہے ٬ چینی صدر شی جن پنگ کا منصوبہ ہے ٬ یہ منصوبہ ان ممالک کی طویل المیعاد ترقی اور حقیقی فوائد کا حامل ہے ٬ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت راہداری کے چھ بڑے بین الاقوامی اقتصادی تعاون کے منصوبے شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :