جعلسازی اور دھوکہ دہی کرنے والے ایجنٹوں کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں٬ 2014سے لیکر اب تک 3 ہزار 216 ایجنٹ گرفتار ٬ پاسپورٹس بلاک کر دیئے گئے ٬ گرفتاریاں جاری

پیر 10 اکتوبر 2016 13:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی ای) نے سال 2014ء سے اب تک جعلسازی اور دھوکہ دہی کرنے والے ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ہزار 216 ایجنٹوں کو گرفتار کیا٬ تمام ایئر پورٹس پر اشتہاریوں٬ مفروروں اور ایجنٹوں کے کوائف دستیاب اور ان کے پاسپورٹس بلاک کر دیئے گئے ہیں اور ان کی گرفتاریاں جاری ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ادارے نے نامکمل دستاویزات پر کارروائی کرتے ہوئے صنم رانی کو یونان جانے والی پرواز ٹی کے 711 سے اتار لیا جو سفارتخانے سے ویزا کنفرمیشن لیٹر کے بغیر یونان جا رہی تھی۔ محمد شفیق ولد محمد صدیق کو بھی پرواز ای کے 613 سے اتار لیا گیا جو جنوبی افریقہ جا رہا تھا۔ اس کے ویزا کی تصدیق درکار تھی۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے مسافروں کو پروازوں سے اتارنے اور اس کے نتیجے میں ان کو پیش آنے والی مشکلات کے باعث عوام الناس سے کہا ہے کہ وہ صرف قانونی اور قابل اعتماد ٹریول کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کریں اور کمیشن ایجنٹوں سے دور رہیں جو معصوم شہریوں کو نامکمل دستاویزات تھما کر غائب ہو جاتے ہیں۔

2016ء میں ایف آئی اے نے 200 مسافروں کو آف لوڈ کیا کیونکہ ان کی دستاویزات نامکمل تھیں۔ 2014ء سے اب تک ایف آئی اے نے 3 ہزار 216 ایجنٹوں اور جعلسازوں کو گرفتار کیا وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر مفروروں کا ڈیٹا بینک قائم کیا گیا اور تمام ایئر پورٹس پر یہ ڈیٹا بینک موجود ہے۔ ان افراد کے پاسپورٹس بھی بلاک کر دیئے گئے ہیں اور ایئر پورٹس پر ان کو گرفتار کیا جاتا ہے۔