یوم عاشور کے اختتام تک گلی محلوں اور عام دوکانوں پر پٹرول کی کھلے عام فروخت پر پابندی عائد

پیر 10 اکتوبر 2016 13:11

فیصل آباد۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) محرم الحرام کی حساسیت کے باعث فیصل آباد سمیت صوبہ بھرکے تمام شہروں میںیوم عاشور کے اختتام تک گلی محلوں ٬ عام دوکانوں پر پٹرول کی کھلے عام فروخت پر سختی سے پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس ضمن میں ضروری ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد پٹرول پمپس کے علاوہ گلی محلوں میں غیر قانونی طریقے سے پٹرول کی کھلے عام فروخت کی حوصلہ شکنی کرنا ہے تاکہ یوم عاشور کے موقع پر شر پسند کسی ناخوشگوار کاروائی میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

انہوں نے بتایاکہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پٹرول پمپس کے علاوہ گلی محلے کی بعض دوکانات پر بھی غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کیا جار ہا ہے جبکہ وہا ںسے لوگ موٹر سائیکل یا گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کی بجائے بوتلوں یا کین میں پٹرول لے جاتے ہیں اس طرح ان کے غلط مقاصد کیلئے استعمال کا احتمال ہے۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ عوام الناس یوم عاشور کے اختتام تک کسی غیر قانونی اقدام سے اجتناب برتتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون یقینی بنائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :