شیخ رشید٬ جہانگیر ترین ٬چوہدری سرور کی لندن آمد‘قادری کا پی ٹی آئی رہنمائوں سے ملاقات سے انکار

طاہر القادری کینیڈا روانہ ٬دس روز قیام کرنے کے بعد دوبارہ لندن واپس آئینگے ٬صرف شیخ رشید کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ‘ ترجمان عوامی تحریک پاکستان سے ہدایت ملنے کے بعد (ن) لیگ کے لندن میں موجود رہنما ئوں نے تمام شخصیات کی سر گرمیوں کو مانیٹر کرنا شروع کر دیا شیخ رشید سربراہ عوامی تحریک کی پی ٹی آئی سے متعلق ناراضگی کو دور نہ کر سکے ٬ذرائع

پیر 10 اکتوبر 2016 12:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید٬ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور مرکزی رہنما چوہدری سرور کی لندن آمد ہوئی تاہم طاہرالقادری نے پی ٹی آئی رہنمائوں جہانگیر ترین اور چوہدری سرور سے ملنے سے انکار کر دیا-ذرائع کے مطابق طاہرالقادری کی شیخ رشید سے ملاقات ہوئی ہے تاہم شیخ رشید پی ٹی آئی سے متعلق ناراضگی دور نہ کرسکے جس کے بعد عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کینیڈا روانہ ہو گئے جہاں وہ دس روز قیام کرنے کے بعد دوبارہ لندن واپس آئیں گے ٬پاکستان سے ہدایت ملنے کے بعد (ن)لیگ کے لندن میں موجود رہنما ئوں نے تمام شخصیات کی سر گرمیوں کو مانیٹر کرنا شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق عوامی تحریک کے سربراہ سانحہ ماڈل ٹائون کا معاملے کو یورپی یونین اور دیگر فورمز پر اٹھانے کیلئے کئی روز سے لندن میں موجود تھے تاہم عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری بھی گزشتہ روز کینیڈا روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ دس روز قیام کریں گے اور وہاں سے دوبار لندن واپس آ جائیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ شیخ رشید نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے تاہم دونوں کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید عوامی تحریک کے سربراہ کی تحریک انصاف سے متعلق ناراضگی کو دور نہیں کر سکے۔تمام رہنمائوں کی طرف سے لندن میں کسی بھی سیاسی سر گرمی سے صاف انکار کیا جارہا ہے ۔ جہانگیر ترین نے بھی کہا ہے کہ لندن آمد کسی خاص ایجنڈے کا حصہ ہے اور نہ ہی کسی کو منانے آیا ہوں٬ میرے دورے کے دوران یہاں کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہو گی۔ چودھری سرور کا بھی کہنا ہے کہ لندن آمد کا مقصد کسی پاکستانی سیاستدان سے ملاقات کرنا نہیں ٬عمران خان کی ہدایت پر کشمیر کے ایشو کو اجاگر کرنے کیلئے لندن آیا ہوں۔

ایک اور ذرائع کے مطابق (ن)لیگ کے رہنمائوں نے حکومت مخالف شخصیات کی لندن میں موجودگی کے باعث ان کی سر گرمیوں کی مانیٹرنگ شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے پاکستان میں موجود پارٹی کے ذمہ داران کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جارہا ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی نے ’’این این آئی ‘‘کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ڈاکٹر طاہر القادری لندن میں موجود نہیں بلکہ وہ کینیڈا روانہ ہو گئے جہاں وہ دس روز قیام کرنے کے بعد دوبارہ لندن واپس آ ئیں گے۔