ایک لاکھ 10 ہزار پاکستانی حجاج کرام وطن واپس پہنچ گئے ‘ حاجیوں کی وطن واپسی کا عمل 16 اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے گا

پیر 10 اکتوبر 2016 12:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار پاکستانی حجاج کرام وطن واپس پہنچ گئے ہیں‘ حاجیوں کی وطن واپسی کا عمل 16 اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وطن واپس پہنچنے والے حاجیوں میں سے سرکاری سکیم کے تحت 63 ہزار 43 جبکہ پرائیویٹ سکیم کے 47 ہزار حاجی فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچا دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ حجاز مقدس میں قائم کئے گئے کال سینٹرز میں رہنمائی کے لئے 2291 کالز موصول ہوئیں جبکہ 1228 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1013 کا ازالہ کر دیا گیا۔ 139 افراد لاپتہ ہوگئے تھے جن میں سے 138 افراد مل گئے ہیں جبکہ ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے جس کی تلاش کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 635 لوگوں کا سامان گم ہوا تھا جن میں سے 422 کا سامان مل گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حاجیوں کی وطن واپسی کا کام 16 اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔