برسلز پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ممبرڈاکٹر منظورالہٰی ظہورکا دورہ بارسلونا اور کاتالونیا پارلیمنٹ

ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں ، پاکستان اور پاکستانیو ں کی بھر پور نمائندگی

جمعرات 6 اکتوبر 2016 22:44

پیرس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) برسلز پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ممبرڈاکٹر منظورالہٰی ظہورکا دورہ بارسلونا اور کاتالونیا پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں جس میں انہو ں نے پاکستان اور پاکستانیو ں کی بھر پور نمائندگی کی۔ اسپین کے صوبہ کاتالونیا کی تین بڑی سیاسی جماعتو ں جن میں دائیں بازو کی مرکز میں حکومت رکھنے والی جماعت پے پے ،نئی ابھرتی ہو سیاسی طاقت سیوتادانس اور کاتالونیا میں حکمران سیاسی اتحاد جنت پل سی کے اہم ترین ممبران پارلیمنٹ سے الگ الگ ان کے دفاتر میں ملاقاتیں کیں ، ملاقات میں ان کے ہمراہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر، طاہر رفیع، کامران خان اور یاسر ادریس بھی تھے۔

پے پے کاتالونیا سے پاکستانی کمیونٹی کی یہ پہلی ملاقات تھی جس میں خدشات اور اندیشوں کے ساتھ گفتگو کی گئی اس موقع پر ممبر پارلیمنٹ فرنیندس کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی ہم سے فا صلہ پر رہی ہے ، آج مجھے انتہائی خوشی ہو ئی ہے کہ آپ لوگوں سے ملاقات ہو ئی اور سوچ میں نئی تبدیلی آئی ہے اس کا کہنا تھا کہ پاکستانی کاتالونیا میں ایک بڑی تعداد میں مقیم ہیں اور یہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لئے بہت اہم ہے۔

(جاری ہے)

کہ وہ ان کو اپنے ساتھ ملائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر منظور الہٰی ظہور نے پاکستان میں جاری دہشت گردی اور مسئلہ کشمیر پر خصوصی بریفنگ دی اور فرنیندس کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ ایک بار پاکستان کا دورہ کرے تاکہ اسے خود معلوم ہو سکے کہ جومیڈیا پاکستان کی تصویر پیش کر رہا ہیپاکستان ویسا نہیں ہے ، ممبر پارلیمنٹ فرنیندس نے پاکستان کے دورہ کی دعوت قبول کی۔

پاکستانی وفد کی دوسری ملاقات نئی ابھرتی ہو ئی سیاسی طاقت سیو تادانس کی دو خاتون ممبر پارلیمنٹس سے ہوئی ، اس ملاقات میں بھی پاکستان کا ایک سافٹ امیج پیش کر نے کی کوشش کی گئی اس ملاقات میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسرنے پاکستانی کی سیکورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی اور بتایا کہ پاکستان نے دنیا بھر میں ہو نے والی دہشت گردی کا تنہا مقابلہ کیا ہے اور اپنے معصوم شہریو ں کی قربانی دے کر دنیا کا امن بحال رکھاہے۔

انہو ں نے بتا یا کہ میڈیا پاکستان کی بہتر تصویر کشی نہیں کر رہا۔ میڈیا ہمیں ایک ظالم اور خواتین کے حقوق کو غضب کرنے والا معاشرہ دکھا رہا ہے جبکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے،انہو ں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد مسلمان ملک ہے یہا ں پر خواتین کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے ، جس کی مثال پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو بنی ہیں ، قومی اسمبلی کی اسپیکر ایک خاتون تھیں ، اسٹیٹ بینک کی سربراہ ایک خاتون تھیں اس کے علاوہ ایک فہرست ہے خواتین کی جنہو ں نے پاکستان کی فلاح وبہبود کے لئے بڑا کام کیا ہے۔

پرویز اقبال لوہسر نے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کا مفصل تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیڈریشن کو یورپی ممالک میں متحرک کیا ہے جس کا مقصد صرف اور صرف پاکستانیت کو اجاگر کرنا ہے اور تارکین وطن پاکستانیوں کو بطور پاکستانی ایک شناخت دینی ہے۔اور یہ پیغام دینا ہے کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں ، صرف آپس میں روابط کو بڑھانے کی ضرورت ہے ، جس سے ہم ایک دوسرے کو سمجھ سکیں تاکہ مزید مضبوط تعلقات استوار ہوں۔

ممبر پارلیمنٹ مگدا کاسامتجانااور نوئیمی کو پاکستان کے دورہ کی بھی دعوت دی گئی جسے انہو ں نے خوشی کے ساتھ قبول کیا اور کہا کہ یو نہی چھٹیوں کا کوئی شیڈول بنتا ہے ہم آپ کو آگاہ کر دیں گی۔ وفد نے تیسری ملاقات کاتالونیا کے حکمران سیاسی اتحاد جنت پل سی کی خاتون ممبر پارلیمنٹ سے کی ،اس ملاقات میں کاتالونیا میں مقیم پاکستانیو ں کے مسائل کو زیر بحث لایا گیا۔

اس موقع پر طاہر رفیع اور کامران خان نے کہا کہ کاتالونیا میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے اور اسے کئی ایک مسائل کا بھی سامنا ہے ، ممبر پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ آپ مجھ سے کسی بھی وقت مسائل کے حل کے لئے مل سکتے ہیں اور یہا ں تک میرے وسائل ہو ئے میں آ پ لوگوں کو آسانیا ں فراہم کرنے کی کوشش کرو ں گی۔ ملاقاتی انتہائی خواشگوار ماحول میں ہوئیں اور یہ پہلا موقع تھا جب تین بڑی سیاسی جماعتو ں کے اہم ممبران کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کیا گیا اور انہیں اس بات پر قائل کیا گیا کہ آپ لوگ ایک بار خود پاکستان جا کر دیکھیں کہ پاکستان کیسا ہے۔

پاکستان دنیا کے ایک ایسے خطہ میں ہے جو اپنی جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے ایک اہم مقام رکھتا ہے جس کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیاجا سکتا۔

متعلقہ عنوان :