بھارتی میڈیا کی جانب سے جعلی پروگرام نشر کرنا دھوکہ دہی اور گھٹیا حرکت ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں،پاکستان

بھارت کا سی این این نیوز 18 گلوبل، سی این این انٹرنیشنل سے منسلک ہے، اس چینل نے سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) سپیشل برانچ آزاد جموں وکشمیر غلام اکبر کا جعلی انٹرویو نشر کیا،سی این این اس ٹی وی چینل کے خلاف کارروائی کرے،دفتر خارجہ بھارت کی اس حرکت کا مقصد جعلسازی اور من گھڑت کہانیوں کے ذریعے ملکی سطح پر سیاسی مقاصد حاصل کرنا ہے،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں بعض حلقے سرجیکل سٹرائیک کے بھارتی دعوے کو ہر صورت ثابت کرنے کیلئے بے چین ہیں ، دفتر خارجہ

جمعرات 6 اکتوبر 2016 22:40

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) پاکستان نے بھارتی میڈیا کی جانب سے جعلی پروگرام نشر کرنے کو دھوکہ دہی کی گھٹیا حرکت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے جس کا مقصد جعلسازی اور من گھڑت کہانیوں کے ذریعے ملکی سطح پر سیاسی مقاصد حاصل کرنا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں بعض حلقے سرجیکل سٹرائیک کے بھارتی دعوے کو ہر صورت میں ثابت کرنے کیلئے بے چین ہیں۔

بیان کے مطابق بھارت کا سی این این نیوز 18 گلوبل جو کہ سی این این انٹرنیشنل سے منسلک ہے۔ اس چینل نے سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) سپیشل برانچ آزاد جموں وکشمیر غلام اکبر کا جعلی انٹرویو نشر کیا جس میں انہوں نے مبینہ طورپر بھارتی سرجیکل سٹرائیک کی تصدیق کی ہے رپورٹر نے خود کو انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی غلام اکبر نے فون پر بات کرنے کی واضح تردید کی ہے اور کہا ہے کہ بھارتی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی ریکارڈنگ میں ان کی آواز نہیں یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ سی این این جیسا معروف میڈیا ہاؤس غیراخلاقی حرکت اور دھوکہ دہی میں ملوث ہے دفتر خارجہ نے امید ظاہرکی ہے کہ سی این این اپنے ساتھ منسلک اس ٹی وی چینل کے معاملے پر سنجیدگی اختیار کرے اور چینل کے خلاف اس غیراخلاقی حرکت پر کارروائی شروع کرے۔

بیان مبں کہا گیا ہے کہ ہمیں اس ٹی وی چینل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :