قومی سلامتی کے معاملے پر ملکی سیاسی جماعتوں سمیت تمام ادارے متحد ہیں ، ہم وطن عزیز کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں اور اس کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتے ہیں،ہم خطے سے غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار دینے کے لیے کوشاں ہیں

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کا پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں اظہار خیال

جمعرات 6 اکتوبر 2016 22:28

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ملکی سیاسی جماعتوں سمیت تمام ادارے متحد ہیں اور ہم وطن عزیز کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں اور اس کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتے ہیں، جمعرات کوپاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس کے مشترکہ اجلاس کے اعلامیے میں بھی ایک مضبوط پیغام دیا گیا کہ ہم نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں تا کہ خطہ ترقی کرے اور آگے بڑھے، انہوں نے کہا کہ ہم خطے سے غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار دینے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ لوگ خوشحال ہوں لیکن ہماری اس امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے کیونکہ ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، پاکستانی قوم کا مورال بلندہے اور وہ ہر قسم کے امتحان کیلئے تیار ہے اس لئے کسی کو کسی بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے، حکومت ملک کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہم اور موثر اقدامات بھی کر رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اسلئے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیر کے روز ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کی گئی اور بھارت کو ایک مضبوط پیغام دیا گیا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز ایک اور اجلاس بھی ہوا جس میں سیکیورٹی کے تمام اداروں کی قیادت موجود تھی جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بنائے جانے والے اسٹرکچر پر ہونے والے کام کا جائزہ بھی لیا اور ساتھ ہی ایک مضبوط پیغام بھی دیا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک کاکہنا تھا کہ ملک میں احتساب کا عمل جاری ہے جو جامع اور شفاف ہونا چاہیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھی جامع اور شفاف احتساب کی حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے اور ان کے لاہور کے جلسے میں شیخ رشید اور وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے بہت غلط زبان استعمال کی جو کسی سیاسی شخص کو زیب نہیں دیتی، پاکستان پیپلز پارٹی نے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے اور اختلافات کے باوجود انہوں نے کشمیر کاز پر حکومت کی بھرپور حمایت کی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اس معاملے پر اہم کردار ادا کیا ہے جو کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مزید تقویت دے گا۔

متعلقہ عنوان :