انسداد ڈینگی کیلئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،شہبازشریف

راولپنڈی،لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر عملدر آمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے،انسداد ڈینگی کیلئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے جو انسانی بس میں ہے،غفلت یا تساہل کی کوئی گنجائش نہیں، متعلقہ ادارے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو ہدایات

جمعرات 6 اکتوبر 2016 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی،لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اورعوام کو ڈینگی کے مرض سے بچانے کیلئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے جو انسانی بس میں ہے۔اِن ڈوراور آؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے تمام اقدامات کی موثر مانیٹرنگ کی جائے۔

ڈینگی سرویلنس کا کام تیز کیا جائے اور ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے لئے متعلقہ ادارے او ر محکمے متحرک انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔جمعرات کو وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر عملدر آمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ڈینگی کے مرض کے تدارک کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے ٹا?ن ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کو فعال انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کی مکمل دیکھ بھال اور علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جائے۔متعلقہ اداروں کو عوام کو ڈینگی کے مرض سے بچانے کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہے۔

ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں غفلت یا تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ متعلقہ اداروں کو گزشتہ برسوں کی طرح جذبے اور محنت سے کام کرنا ہے۔ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں اور انسداد ڈینگی اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے بھرپورمہم چلائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈینگی کے مرض کے روک تھام کیلئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔