غیر معیاری اور مضر صحت دودھ کی نشان دہی، 5اضلاع کا سروے مکمل کر لیا گیا

محکمہ لائیو سٹاک پنجاب ایک ہفتے میں باقی کے 31اضلاع میں بھی سروے مکمل کرلے گا‘سیکرٹری لائیو سٹاک سروے کے اعدادوشمارکی روشنی میں سے دودھیوں کو چلرز اور دیگرسہولیات کی فراہمی کیلئے محکمہ کی طرف سے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے ‘ نسیم صادق

جمعرات 6 اکتوبر 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء ) محکمہ لائیوسٹاک نے پنجاب میں دودھ کی خریدوفروخت اور پیک کرنے والی کمپنیوں اوراداروں کی طرف سے فراہم کئے جانے والے غیر معیاری اور مضر صحت دودھ کی نشان دہی کے لیے تمام اضلاع میں ایک خصوصی سروے مہم کاآغاز کیاہے ، اس ضمن میں محکمے نے دودھ کی خریدوفروخت کے مراکز، ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے ٹینکرز ، قیمت وکوالٹی کی حوالے سے 5اضلاع کاسروے مکمل کرلیاہے۔

یہ بات سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ مضر صحت اور غیر معیار ی دودھ کی پہچان اور نشان دہی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے رائے لینے کے بعد پرفارما مرتب کیاگیاہے اور عوام کی رہنمائی کے لیے دودھ کانفرنسز کاانعقاد بھی کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی 31اضلاع میں یہ سروے ایک ہفتے کے اندراندر مکمل کرلیاجائے گا۔

(جاری ہے)

نسیم صادق نے کہا کہ اس سروے کے بعد ان اعدادوشمار کی مدد سے جعلی اور ہلکی کوالٹی کادودھ تیارکرکے سپلائی کرنیو الی کمپنیوں کی نشاندہی کے لیے استعمال کیاجائے گا۔

علاہ ازیں ان اعدادوشمارسے مقامی دودھی حضرات کے لیے دودھ ذخیرہ کرنے والے چلرز اور دیگرسہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ کی طرف سے بلاسود قرضے کی فراہمی کاپلان مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے مزید کہاکہ جو چند بے ضمیرافراد جوکیمیکل ، خشک دودھ اور وے پاؤڈرسے جعلی دودھ تیارکرکے لوگوں میں بیماریاں پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں اس سروے سے ان کی نشاندہی اور قلع قمع ممکن ہوسکے گا۔

محکمہ لائیوسٹاک کامقصد مویشی پال حضرات کے مویشیوں سے پیداکردہ قدرتی خالص دودھ عوام تک پہنچاناہے۔ اس ضمن میں دودھ پیداکرنے والے یادودھ کی صنعت سے وابستہ کاروباری حضرات محکمانہ سروے میں مکمل تعاون کرتے ہوئے اپنے ادارے کی مکمل تفصیلات اوراس کاروبارمیں درپیش مسائل سے اپنی تحصیل کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر اور ضلع کی سطح پر ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسرکو آگاہ کریں۔ کسی بھی پریشانی یا مدد کے لیے محکمہ کی ہیلپ لائن 080009211پررابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :