پنجاب حکومت نے انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے بیشتر اقدامات کئے ہیں‘خلیل طاہر سندھو

ٹاسک فورس جلد صوبائی پالیسی برائے انسانی حقوق تشکیل دے گی،ششماہی بنیادوں پر رپورٹ پیش کرے گی‘صوبائی وزیر انسانی حقوق

جمعرات 6 اکتوبر 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء ) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق واقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ ہیومن رائٹس ٹاسک فورس جلد پنجاب میں صوبائی پالیسی برائے انسانی حقوق تشکیل دے گی،پنجاب حکومت نے انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے بیشتر اقدامات کئے ہیں،ٹاسک فورس کے قیام سے ضلعی سطح پر انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات میں کمی اور نگرانی میں مدد ملے گی، بین الاقوامی معاہدے اور جی ایس پی پلس سٹیٹس کی روشنی میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انسانی حقوق کے حوالے سے پاکستان نے 27معاہدات پر دستخط کئے ہیں، ٹاسک فورس پنجاب میں انسانی حقوق کے حوالے سے ششماہی بنیادوں پر رپورٹ پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا ر صوبائی وزیر وچیئرمین ٹاسک فورس برائے انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے آج صوبائی سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے انسانی حقوق کے پہلے اجلاس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا محکمہ دیگر محکموں کی طرح انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق پر عملدرآمد کے لئے صوبائی ٹاسک کے لئے 750 ملین کے فنڈز مختص کئے ہیں۔پنجاب میں انسانی اعضاء کی فروخت ،چائلڈ لیبر ،جبری مشقت کا خاتمہ،خواجہ سراؤں کی فلاح وبہبود ،جیلوں میں ریفارمزاور اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے متعدد منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اورجہاں ضرورت محسوس ہوقوانین میں ترامیم کی جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ووائس چیئرمین ٹاسک فورس برائے انسانی حقوق شمائل احمد خواجہ نے کہا کہ ٹاسک فورس کے قیام سے ضلعی سطح پر کمیٹیاں جلدقائم کی جائیں گی اور ضلعی انتظامیہ کو انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے میکنزم بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سیکرٹریز آئندہ اجلاس میں خود شرکت کریں تاکہ انسانی حقوق جیسے حساس ایشو پر تیزی سے کام کیا جا سکے۔

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ انسانی حقوق کی مانیٹرنگ کے حوالے سے اپنا فوکل پرسن تعینات کریں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات کو ہر صورت کنٹرول کرنا ہو گا۔سیکرٹری انسانی حقوق واقلیتی امور عاصم اقبال نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق بین الاقوامی معاہدات پر عملدرآمد کے حوالے سے وفاقی حکومت اور صوبائی محکموں کے تعاون سے جامع میکنزم تیار کررہا ہے تاکہ انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدمات کی آگاہی فراہم کی جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف نے اجلاس کو نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق کے حوالے سے محکمہ جاتی ذمہ داریوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایم پی اے رمیشن سنگھ اروڑہ،سیکرٹری انسانی حقوق ،سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ،ڈی جی لیبر،ڈائریکٹر انسانی حقوق اور محکمہ ہوم ،ہائر ایجوکیشن،سوشل ویلفیئراورلا اینڈ پارلیمانی افیئر،پراسیکیوشن اور لوکل گورنمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :