وزیراعلیٰ پنجاب آفس کی ”عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی یا بین الاقوامی تنہائی کا سامنا، سویلینز نے ملٹری کو آگاہ کر دیا“ کی سختی سے تردید

خبر دینے والے صحافی نے ریمارکس کیلئے وزیراعلیٰ کے دفتر رابطہ کیا ،واضح طور پر بتایا گیا وزیراعلیٰ سے منسوب ریمارکس بے بنیاد ، حقائق کے منافی ہیں افسوس کی بات ہے واضح تردید کے باوجود وزیراعلیٰ سے منسوب ریمارکس کو خبر میں حقیقت کے برعکس غلط انداز سے شائع کیا گیا

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے دفتر نے روزنامہ ”ڈان“ میں شائع ہونے والی اس خبر کہ”عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی یا بین الاقوامی تنہائی کا سامنا، سویلینز نے ملٹری کو آگاہ کر دیا“ "Act against militants or face international isolation, civilians tell military" میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے منسوب کئے جانے والے ریمارکس کی سختی سے تردید کی ہے اور اسے بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ خبر دینے والے صحافی نے گزشتہ رات ریمارکس کیلئے وزیراعلیٰ کے دفتر رابطہ کیا تاہم انہیں واضح طور پر بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ سے منسوب ریمارکس بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ واضح طور پر تردید کے باوجود وزیراعلیٰ سے منسوب ریمارکس کو خبر میں حقیقت کے برعکس غلط انداز سے شائع کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہیڈ لائن بنانے کیلئے سچائی اور راست گوئی کے بنیادی صحافتی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی پر گہرے تاسف کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ”ڈی جی آئی ایس آئی سے تخیلاتی گفتگو “ کے دوران ان سے منسوب ریمارکس کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس خبر کے مندرجات کا سچائی سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے وطن عزیز سے ملک دشمن عناصر کے خاتمے کیلئے ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، اس لئے ایسے عناصر کو مدد دینے کے حوالے سے خبر میں دیا گیا تاثر مضحکہ خیز ہے۔

وزیراعلیٰ نے خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ نہ صرف وہ مسلح افواج کے بطور ادارے کے بے پناہ احترام کرتے ہیں بلکہ وہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کے پیشہ ورانہ انداز سے فرائض سرانجام دینے، ان کی فرائض سے لگن اور اپنے مقصد سے مخلص ہونے پر بھی بہت احترام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے دہشت گردوں کے خلاف جو غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں اس کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے اور آل پارٹیز کانفرنس سمیت وزیراعظم محمد نوازشریف نے جن حالیہ اجلاسوں کی صدارت کی ہے ان میں بھی قیادت نے مسلح افواج پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارتی اشتعال انگیزیاں روز بروز بڑھ رہی ہیں،اس طرح کی من گھڑت اور حقائق کے منافی خبرانتہائی قابل افسوس ہے۔

متعلقہ عنوان :