پاکستان اور ایران کے مابین سیاحت کے فروغ اور آمدورفت میں اضافے کیلئے کوششیں جاری ہیں،چوہدری عبدالغفور خان

مسلم برادری سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے مشترکہ طور پر کوششیں کرے، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) پاکستان اور ایران کے درمیان زیارات اور مذہبی سرگرمیوں کے علاوہ بھی سیاحت کی دلچسپی کے کئی مواقع موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم برادری سیاحت کی ترقی و فروغ کے لیئے مشترکہ طور پر کوششیں کرے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری عبد الغفور خان ، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے مہان ائر لائنز کے مشیر اور انچارج برائے رابطہ بیرونی امور مہدی علی یاری سے ملا قات کے دوران میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیاں حصول میں پیش آنے والی مشکلات کو دُور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کو ملک میں آمدپر ویزہ کی فراہمی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔چوہدری عبد الغفور خان ، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران میں مذہب کے علاوہ کئی ثقافتی اقدار مشترک ہیں۔

(جاری ہے)

یہ وقت کی ضرورت ہے کہ سیا حت کے فروغ میں تعاون کو بڑھایا جائے۔

بلوچستان کے کچھ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کے باعث لوگ ایران میں زیارات کیلئے بذریعہ سٹرک سفر کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکا ر ہوتے ہیں۔ لہذا اسلام آباد ، کراچی ، لاہوراور کوئٹہ سے ایران کیلئے براہ راست پروازیں اس سلسلے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ مہدی علی یاری نے بتایا کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی شہری دنیا بھر کا سفر کرتے ہیں جن میں یورپ خصوصی طور پر شامل ہے۔

مہان ائیر لائنز ان میں سے کئی شہروں میں اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے جہا ں پاکستانی افراد کی آمدورفت زیادہ ہے اس سلسلے میں مہان ائیر لائنز پاکستانی سیاحوں کو خصوصی پیکج دینے پر غور کر رہی ہے۔ جو ایران اور دیگر مقامات پر مہان ائیر لائنز سے سفر کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی سیاحوں کی بڑی تعداد زیارات کے علاوہ مشہد، اصفہان شیراز اور تہران پر مختلف مقامات کی سیر میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور اسی لیئے مہان ائیر لائنز عنقریب لاہور سے تہران کیلئے پروازیں شروع کرنے والی ہے۔

چوہدری اے ڈی طاہر، جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی نے تجویز پیش کی کہ دونوں ملکوں کے عوام میں سیاحت کی آگاہی پیدا کرنے کیلئے صحافیوں ، ادیبوں اور میڈیا چینل کے نمائندگان کیلئے معلوماتی دوروں کا انتظام کیا جائے تا کہ سیاحوں کی معلومات میں اضافہ ہو اور آمدورفت بڑھے۔میٹنگ کے دیگر شرکاء میں ایران ایمبیسی کے سیکنڈ سیکرٹری، پی ٹی ڈی سی کے پرجیکٹ انجینئر ، محمد عنائت، منیجر پبلسٹی اینڈ پرموشن ، مختار علی ، پی ٹی ایل کے ڈپٹی منیجر، انور ساجد، عمران ارشادخان، انچارج آئی ٹی اور عذراساجد ٹوراز آفیسرنے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :