صدر مملکت سے ماروی میمن کی ایوان صدر میں ملاقات، بی آئی ایس پی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی

ضرورتمند افراد کی بہتری ،معاشی حالت بہتر کرنے کیلئے بی آئی ایس پی اہم کردار ادا کررہا ہے، ممنون حسین بی آئی ایس پی 53 لاکھ سے زائد ضرورتمند خاندانوں کو سہ ماہی وظائف فراہم کررہا ہے، ماروی میمن

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ضرورت مند افراد کی بہتری اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی عورتوں کے حالات اور ان کو معاشرے میں جائز مقام دلانے کے لیے بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کی ضرورت ہے۔ یہ بات صدر مملکت نے ایوان صدر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی، جس میں چیئرپرسن نے اپنے ادارے کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کی اور ادارے کی کارکردگی کے متعلق آگاہ کیا۔

صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ تین سالوں سے حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر خاص توجہ دے رہی ہے اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نیکہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کاوسیلہ تعلیم پروگرام جوپرائمری بچوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے ضرورت مند خاندانوں کی مالی امداد کی صورت میں ہے، ایک احسن اقدام ہے۔

اس سے اسکولوں میں بچوں کے پڑھنے کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے ادارے میں شفافیت لانے کی طرف بھر پور توجہ دے رہا ہے اور اس کے لیے وہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں رہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی جنوبی ایشیاکا سب سے بڑا سماجی ویلفیئر کا ادارہ ہے جو لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی طرف کوشاں ہے۔

صدر مملکت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ ، ملازمین اور قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں کی وجہ سے یہ پروگرام غریب افراد کی بہتری کے لئے مزید موثر ثابت ہو گا۔ اس موقع پر چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہاکہ ان کا ادارہ 53 لاکھ سے زائد خاندانوں کو سہ ماہی وظائف فراہم کرتا ہے اور اس کے لیے اے ڈی پی، ڈی آئی ایف ڈی ، ورلڈبینک کے تحت کام کرنے والے اداروں کی مدد لی جاتی ہے۔

ماروی میمن نے بتایا کہ حکومت نے سہ ماہی وظیفہ تین ہزار سے بڑھا کر چار ہزار آٹھ سو چونتیس روپے کر دیا ہے اور اس کا بجٹ 2016-17 میں ایک سو پندرہ بلین روپے کر دیا ہے۔ بی آئی ایس پی نے ادائیگیوں کے لئے بائیومیٹرک تصدیق کا نظام (BVS) شروع کیا ہے جو جلد پورے ملک تک بڑھا دیا جائے گا۔ ماروی میمن نے مزید بتایا کہ قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری سروے جون 2016 میں شروع کیا گیا تھا جو مارچ 2017 میں مکمل ہو جائے گا۔