شیو سینا نے مودی کے حق میں پوسٹرز آویزاں کردیئے ،مودی کو رام، نواز شریف کو راون بنادیا

جمعرات 6 اکتوبر 2016 19:03

ورانسی/ئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) ہندو انتہاپسند تنظیم شیو سینا نے ریاست اتر پردیش کے شہر ورانسی میں مودی کے حق میں پوسٹرز آویزاں کردیئے ،ان پوسٹرز میں مبینہ طور پر سرجیکل اسٹرائیکس کرنے پر مودی کو رام بناکر پیش کیا گیا ہے جبکہ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو ظالم بادشاہ راون دکھایا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا نے ریاست اتر پردیش کے شہر ورانسی میں مودی کے حق میں پوسٹرز آویزاں کردیئے ،ان پوسٹرز میں مبینہ طور پر سرجیکل اسٹرائیکس کرنے پر مودی کو رام بناکر پیش کیا گیا ہے جبکہ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو ظالم بادشاہ راون دکھایا گیا ہے ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آزاد کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیکس کے ثبوت مانگنے والے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو راون کا بھائی میگھناد بناکر پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار ’’انڈین ایکسپریس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی 11 اکتوبر کو ہندو تہوار دسہرہ کے موقع پر اتر پردیش کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس ریاست میں آئندہ برس انتخابات بھی ہونے ہیں جو مودی کی مقبولیت کے لیے امتحان ثابت ہوسکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں نے بھی اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو میں نریندر مودی اور وزیر دفاع منوہر پارریکر کے حق میں پوسٹرز آویزاں کردیے ہیں جن میں پاکستان کو سبق سکھانے پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے اپنی کابینہ کے ارکان سے گزشتہ روز ملاقات کی اور انہیں ہدایات کیں کہ اس سرجیکل اسٹرائیک کے معاملے پر زیادہ بڑھ چڑھ کر باتیں نہ کی جائیں۔

واضح رہے کہ سرجیکل اسٹرائیک کے دعووں پر بھارت کو اپنی ہی سیاسی جماعتوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور حکومت سے ثبوت بھی مانگے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ اروند کیجریوال نے فیس بک پر ریلیز کی گئی ایک ویڈیو میں ایک طرف جہاں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں بھارتی حکومت سے سوال کیا کہ وہ لائن آف کنٹرول کے اطراف مبینہ 'سرجیکل اسٹرائیکس' کے ثبوت فراہم کرے، جس پر وزیراعلی نئی دہلی کو بی جے پی کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

مذکورہ ویڈیو میں اروند کیجریوال نے پاکستان کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلاتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے کہا تھا کہ جس طرح پاکستان پوری دنیا میں سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو 'جھوٹا' ثابت کرنے کے لیے 'پروپیگنڈا' کر رہا ہے، ایسے میں آپ کو اسلام آباد کی جانب سے ان اسٹرائیکس کے دعووں کے مسلسل انکار کا جواب دینا چاہیے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ 28 اور29 ستمبر کی درمیانی شب پاکستان اور بھارت کے درمیان واقع سرحدی علاقے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

اس واقعہ کے فوری بعد بھارتی ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے دعوی کیا تھا کہ بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کیں۔پریس بریفنگ کے دوران جنرل رنبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ 'ہمیں مصدقہ اطلاعات ملیں کہ کچھ دہشت گردوں نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ پوزیشن سنبھال رکھی ہے جو جموں و کشمیر اوربھارت کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد بھارتی فوج نے ان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کیں۔

تاہم آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیکس کا رنگ دیناایک دھوکہ ہے اور پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔