تھانہ حضرو کی حدود میں ڈکیتوں کا راج

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 6 اکتوبر 2016 18:31

حضرو اٹک (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اکتوبر۔2016ء ) تھانہ حضرو کی حدود میں ڈکیتوں کا راج، ایک اور گھر میں ڈکیتی کی دلیرانہ واردات، اسلحہ کی نوک پر 3لاکھ روپے نقدی اور 2 تولے سونا، موبائل فون، کپڑے اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار، جاتے ہوئے خالی صندوق کھیتوں میں پھینک دئیے، علاقہ میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا، عوام علاقہ و متاثرین کا آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک سے تھانہ حضرو کی حدود میں ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق افغان باشندوں ولی خان اور غلام رسول محلہ عید گاہ اتوار منڈی حضرو نے سینئر صحافیوں نثار علی خان، عبدالوہاب، خالد محمود کو بتایا کہ ہم پاکستان میں پناہ گزین کے طور پر مقیم تھے کہ افغانستان واپسی کیلئے ہم نے پالتو جانور گائے وغیرہ پونے 3لاکھ روپے میں فروخت کیں مگر بدھ کی رات تین بجے تین نامعلوم مسلح نقاب پوش افراد نے ہمارے ٹینٹ میں گھس کر ہمیں یر غمال بنا کر سامان کی تلاشی لی اور نقدی تقریباً 3لاکھ روپے، 2تولے سونا ، نئے کپڑے اور دیگر اشیاء لوٹ لیں جنہوں نے جاتے ہوئے ہمیں تھپڑ مارے اور موبائل فون چھین لئے اور خالی صندوق کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے، اس حوالہ سے صحافیوں نے سٹی پولیس چوکی سے رابطہ کیا تو پولیس نے ڈکیتی بارے لاعلمی کا اظہار کیا، یاد رہے حضرو شہر میں یہ 3دنوں میں دوسری ڈکیتی کی واردات ہے پہلی واردات میں 13تولے ، اڑھائی لاکھ روپے نقدی، قیمتی موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا تھا اور ڈاکو تاحال گرفتار نہ کئے جا سکے ہیں، عوام علاقہ نے آر پی او راولپنڈی فخر وصال سلطان راجہ اور ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت سے تھانہ حضرو کی حدود میں ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :