خواجہ احمد حسان کو سرکاری اجلاسوں کی صدارت سے روکنے ،نااہلی کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب جواب سمیت کل طلب

جمعرات 6 اکتوبر 2016 17:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان کو سرکاری اجلاسوں کی صدارت سے روکنے اور نااہلی کے لئے دائر درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو جواب سمیت کل ( جمعہ ) 7اکتوبر کو طلب کر لیا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لیگی رہنما خواجہ احمد حسان یونین کونسل 107سے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل 62,63اورلوکل گونمنٹ ایکٹ کے تحت خواجہ احمد حسان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ،پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ہونے کی حیثیت سے دو سال تک عوامی عہدہ رکھنے کے اہل نہیں اس کے باوجود وہ غیر قانونی طور پرسرکاری اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ خواجہ احمد حسان کو سرکاری اجلاسوں کی صدارت سے روکا جائے اور نااہل قرار دیا جائے ۔ فاضل عدالت نے درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو 7اکتوبر کو جواب سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :