وزیر اعظم آزاد کشمیر سے پیمرا کے چیئر مین کی ملاقات ، عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گفتگو

بھارتی میڈیا کے منفی پراپیگنڈے اور اصل حقائق چھپانے کی روک تھام کیلئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں ٗچیئر مین پیمرا کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کیلئے کوشاں ہیں ٗوزیر اعظم آزاد کشمیر

جمعرات 6 اکتوبر 2016 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) پاکستان میں بھارتی چینلز کی براہ راست نشریات کو روکنے کیلئے 15 اکتوبر سے غیر قانونی بھارتی ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) ڈیواؤسز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کرے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان سے ملاقات میں انہیں بتایا کہ بھارتی میڈیا کے منفی پراپیگنڈے اور اصل حقائق چھپانے کی روک تھام کیلئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس منصوبے پر عملدرآمد میں پیمرا کی بھرپور حمایت کرے گی۔ ملاقات میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات چیت ہوئی۔ چیئرمین پیمرا اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کیلئے کوشاں ہیں۔