چائنا کٹنگ کی نذر ہونے والے میدانوں کو آزاد کرائیں گے، شہلا رضاء

جمعرات 6 اکتوبر 2016 16:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) سندھ اسمبلی کی اپنی اسپیکر شہلا رضا کا کہنا ہے کہ کراچی کے گراؤنڈز چائنا کٹنگ کی نذر ہوگئے ہیں۔ چائنا کٹنگ کی نذر ہونے والے میدانوں کو آزاد کرائیں گے اور انہیں دوبارہآباد کرانے کی کوشش کریں گے۔ وہ پیر کو کراچی جیمخانہ میں سید جاوید رضا کی کتاب سمر اولمپک بک کوئز کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہی تھی۔

یہ کتاب پاکستان کوئز سوسائٹی اور کسٹمز کرکٹ اکیڈمی کے اشتراک سے منظر عام پر آئی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل سردارمحمد بخش مہر، سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئرپرسن ناہید میمن، جاوید رضا نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے کتابیں پڑھنے کا بہت شوق ہے۔ انہوں نے سید جاوید رضا کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کتاب ہمارے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ جاوید رضا نے ایک زبردست کارنامہ انجام دیا ہے یہ کتاب ہم سب کیلئے ایک انعام ہے اور سیکھنے والوں کے لئے کامیابی کی ضمانت ہے۔ جو لوگ اپنا مستقبل تابناک بنانا چاہتے ہیں اس کتاب کا مطالعہ کریں۔ میں خود بھی اس کتاب کو دلچسپی کے ساتھ پڑھوں گا ہمیں یقین ہے کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی اس کتاب سے فیضیاب ہوں گے اور ہم ایک بار پھر اولمپک میں شریک ہوکر عالمی چیمپیئن بنیں گے۔

سردار محمد بخش مہر نے کامیاب تقریب پر اپنی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ قبل ازیں صاحبِ کتاب سید جاوید رضا نے کہا کہ مسلسل محنت و لگن کے بعد اس کتاب کو ترتیب دینے میں کامیاب ہوا ہوں۔ یہ میرے لیے بڑا امتحان تھا اس کی کامیابی میرے دوستوں، میرے گھر والوں اور میرے محسنوں کی کامیابی ہے کیونکہ میں اکیلا یہ کتاب مکمل نہیں کرسکتا تھا۔

آج مجھے بڑا حوصلہ ملا ہے اور انشاء اللہ جلد ہی دوسری کتاب بھی منظر عام پر لاؤں گا۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے ناہید میمن چیئرپرسن سندھ انویسٹمنٹ بورڈ ، تاجدار عادل، پروفیسر ضیاء الرحمن ضیاء، عقیل عباس جعفری، اولمپیئن گول کیپر منصور احمد، جمیلہ خانم اور عارف مصطفےٰ نے بھی خطاب کیا اور سید جاوید رضا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ آخرمیں مہمانوں میں گلدستے اور شیلڈز اور تحائف کے ساتھ کتاب پیش کیں۔ میزبانی کے فرائض صحافی اور کمنٹیٹر مرزا اقبال نے احسن طریقے سے انجام دیئے۔