علامہ سید شاہ تراب الحق قادری کا انتقال پُرملال اہلسنت کیلئے ناقابلِ تلافی نقصان ہے ،مفتی منیب الرحمن

جمعرات 6 اکتوبر 2016 16:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) مرکزی روٴیت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین اور تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمن نے جماعتِ اہلسنت کراچی کے امیر ممتاز عالمِ دین علامہ سید شاہ تراب الحق قادری کے انتقالِ پرملال پر انتہائی تاسّف کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اُن کے انتقال سے اہلسنت وجماعت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے اور اُن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پُر نہیں ہوگا۔

جمعرات کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ علامہ سید شاہ تراب الحق قادری رحمہ اللہ تعالیٰ 1985کے قومی انتخابات میں قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے اور اسمبلی کے اندر انتہائی فعال کردار ادا کیا ۔وہ رُبعِ صدی سے زیادہ عرصے تک جماعتِ اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر چلے آرہے تھے ،وہ دارالعلوم امجدیہ کے ٹرسٹی، مصلح الدین گارڈن میمن مسجد کے خطیب ،مدرسہ انوار القرآن کے مہتمم ،ادارہٴ تحقیقاتِ امام احمد رضا کے سرپرستِ اعلیٰ اور کئی دینی وفاہی اداروں اور تنظیموں کی سرپرستی فرماتے تھے ۔

(جاری ہے)

وہ انتہائی مقبول خطیب اور پیر طریقت تھے اور ملک کے اندر وباہر لاکھوں لوگ اُن سے عقیدت ومحبت رکھتے تھے ۔مفتی منیب الرحمن نے کہاکہ میں جملہ مسلمانوں ،تمام علماء ومشائخ اہلسنت اورعوامِ اہلسنت سے اپیل کرتا ہوں کہ اُن کے لیے دعائے مغفرت کریں ،ان کے ایصالِ ثواب کے لیے محافل کا انعقاد کریں اور اُن کی خدمات کے حوالے سے ریفرنسز منعقد کریں۔میں اُن کے صاحبزادگان واقارب ، اُن کے جملہ معتقدین ومحبین اور مسترشدین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور سب کے لیے صبر واستقامت کی دعا کرتا ہوں۔علامہ جمیل احمد نعیمی ،مفتی محمد اطہر نعیمی ،مفتی محمد رفیق حسنی ، علامہ احمد علی سعیدی ، علامہ سید نذیر شاہ ، مولانا علی عمران صدیقی اور دیگر علماء نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :