کراچی، احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت

جمعرات 6 اکتوبر 2016 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریونیوڈپارٹمنٹ کو زمینوں سے متعلق بھیجے جانے والے نوٹس کی تفصیلات 8 اکتوبر تک جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔جمعرات کوکراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت گواہ عمادالدین اور وکلا کے درمیان دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں ریونیو ڈپارٹمینٹ کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر زمینوں پر قبضہ سے متعلق بھیجے جانے والے نوٹس کی تمام تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔ عدالت میں جناح اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر جاوید اور ڈاکٹر نوشین پیش ہوئیں۔

(جاری ہے)

عدالت میں ڈاکٹرز کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم کو ہائیڈوتھراپی کی ضرورت ہے لیکن یہ سہولت جناح اسپتال میں موجود نہیں ہے ۔

عدالت نے نیب حکام کو حکم دیا کہ ہائیڈوتھراپی کی سہولت کہا ں کہاں ہوتی ہے معلوم کرکے آگاہ کیاجائے۔اس موقع پر عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈاکٹرز کو حاضری سے استثنی دے دیا جبکہ عدالت نے زمینوں پر قبضہ سے متعلق نوٹسزکی تمام تفصیلات ریونیوڈپارٹمینٹ کو 8 اکتوبر تک پیش کرنے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیاسے غیر رسمی گفتگومیں ڈاکٹرعاصم حسین کہا کہ مجھے میڈیکل کی سہولیات میسر نہیں ہیں میری طبعت ٹھیک نہیں ہے۔