پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے ، بدقسمتی سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کمزور ہے‘ مستقل بنیادوں پر وزیر خارجہ کے تقرر کی حمایت کرتے ہیں‘ ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو درست طریقے سے اجاگر نہیں کرسکے‘ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوانے کے لئے عالمی اداروں پر دباؤ ڈالنا ہوگا

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 6 اکتوبر 2016 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کمزور ہے‘ مستقل بنیادوں پر وزیر خارجہ کے تقرر کی حمایت کرتے ہیں‘ ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو درست طریقے سے اجاگر نہیں کرسکے‘ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوانے کے لئے عالمی اداروں پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کی غلطی نہیں کرسکتا پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کبھی کم ہوجاتی ہے کبھی بڑھ جاتی ہے اس وقت حالات بے حد کشیدہ ہیں ہیں جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوجاتا پاک بھارت تعلقات پرامن نہیں ہوسکتے‘ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی سات لاکھ قابض افواج انسانی حقوق کی پامالیاں کررہی ہیں‘ بدقسمتی سے ہماری خارجہ پالیسی اتنی مضبوط نہیں ہم مسئلہ کشمیر کو درست طریقے سے اجاگر نہیں کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس ‘ آل پارٹیز کانفرنس کے کچھ مقاصد حاصل ہوئے ہیں ہم نے بھارت کو یکجہتی کا پیغام دیا ہے بھارت کی طرف سے پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دینے کی کو شش ناکام ہوئی ہے۔ امریکہ نے بھی کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تناؤ کم کریں یہ کلیئر ہوگیا ہے کہ پاکستان اڑی حملے میں ملوث نہیں بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر جارحیت شروع کردی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی پاکستان پر حملہ کرنے کی غلطی نہیں کرسکتا ہمیں اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے ہمیں کمزور خارجہ پالیسی کے باعث سفارتی سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت کے ساڑھے تین سال گزر گئے وزیر خارجہ تعینات نہیں کیا گیا وزیر خارجہ کی تعیناتی کی حمایت کرتے ہیں۔