پاکستان کا انٹرنیشنل مارکیٹ میں 5.5 فیصد ریٹ پر پانچ سال کیلئے1 ارب ڈالر کا سکوک بانڈ جاری

جمعرات 6 اکتوبر 2016 16:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں 5.5 فیصد ریٹ پر پانچ سال کے لئے ایک ارب ڈالر کا سکوک بانڈ جاری کردیا ہے‘ پیر تک رقم پاکستان کو ٹرانسفر کردی جائے گی‘ سکوک بانڈ کا ریٹ پاکستان کی تاریخ کا کام ترین ریٹ ہے‘ سری لنکا اور بحرین جن کی کریڈٹ ریٹنگ پاکستان سے بہتر ہے دونوں ملکوں نے پاکستان سے زیادہ ریٹ پر حال ہی میں بانڈ جاری کئے‘ 124 غیر ملکی سرمایہ کار اداروں نے بڈ میں شرکت کی اور پاکستان کو 2.4 ارب ڈالر کی پیشکش موصول ہوئیں‘ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے‘ پاکستان کی شرح نمو پانچ کے ہندسے کو کراس کررہی ہے‘ سعودی عرب نے پاکستان کو 1.5 ارب ڈالر تحفہ میں دیئے تھے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ایکشن لیں گے‘ بیمار ذہن کے لوگ شرارت کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب میں غلط فہمی پھیلانا چاہتے ہیں‘ دفاعی ضروریات ہر حال میں پوری کریں گے‘ بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا تو نکال لیں گے‘ پاکستان آرمی کی 29نئی ونگز کے قیام کے لئے چالیس ارب اخراجات ہوں گے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کامیاب روڈ شوز کے بعد سکوک بانڈ جاری کئے ہیں اس کے لئے نئے پانچ بنک لیڈ مینجرز منتخب کئے گئے تھے جن میں ڈوچے بنک‘ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک‘ دبئی اسلامک بنک‘ تور بنک اور سٹی بنک شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم میں جس کی قیادت اسحاق ڈار‘ وفاقی سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بنک اشرف محمود وتھرا کررہے تھے واشنگٹن میں کامیاب روڈ شو کیا اس میں جوائنٹ لیڈ مینجرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ہم نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں سکوک بانڈز جاری کرنے کے لئے دبئی‘ لندن‘ بوسٹن اور نیویارک میں روڈ شو کئے۔ سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معیشت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور وہ پاکستان کی معاشی اصلاحات اور بہتری کے معتف تھے۔ پاکستان نے حال ہی میں معاشی اصلاحات کا ایجنڈا کے تحت آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ ملکی حالات کے پیش نظر میں روڈ شو میں شرکت نہیں کرسکا اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔

بانڈز کی قیمت کے حوالے سے کابینہ نے اختیار مجھے دیا ہوا ہے ملکی حالات اور ایل او سی میں کشیدگی کے باوجود سرمایہ کاروں نے اعتماد کا اظہار کیا تاہم سرمایہ کاروں نے ایل او سی کے حوالے سے سوالات کئے سرمایہ کار توقع کررہے تھے کہ بانڈ کا ریٹ 6فیصد سے اوپر ہوگا لیکن خراب حالات اور کنٹرول لائن پر جارحیت کے باوجود ان کو 5.75 فیصد کا ابتدائی ریٹ دیا۔

بڈنگ میں 124 کے قریب سرمایہ کار اداروں نے شرکت کی 2.4 ارب ڈالر کی پیشکش موصول ہوئی حکومت نے معاشی اصلاحات کے ایجنڈا کے تحت معاشی کامیابیاں حاصل کی ہیں ملک کی شرح نمو 5کے ہندسے کو کراس کررہی ہے۔ عالمی ادارے اس کو تسلیم کررہے ہیں۔ ان حالات میں لیڈ مینجرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ہم نے سکوک بانڈ کے لئے 5.5 فیصد کا حتمی ریٹ دیا اگر ملک کی موجودہ صورتحال خراب نہ ہوئی تو ہم یہ ٹارگٹ 5.25 فیصد ریٹ رکھتے جو حاصل کرلیتے سکوک بانڈز کے لئے اس کی قیمت اہم تھی اگر 5.5 فیصد کا ریٹ نہ ملتا تو سکوک جاری نہ کرتے بانڈ جاری کرنے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

2013 کی نسبت موجودہ ماحول کافی بہتر ہے اس مرتبہ سرمایہ کاروں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا 5.5 فیصد ریٹ پر ایک ارب ڈالر کا بانڈ پانچ سال کے لئے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا کم ترین ریٹ ہے سری لنکا نے حال ہی میں 6فیصد پر بانڈ جاری کیا ہے اور بحرین نے 5.62 فیصد ریٹ پر بانڈ جاری کیا حالانکہ ان کی کریڈٹ ریٹنگ پاکستان سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ سے تیس فیصد‘ نارتھ امریکہ سے 27 فیصد‘ مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے 27 فیصد‘ اسیاء سے 6 فیصد اور دیگر جگہوں سے 2فیصد پیشکش موصول ہوئیں۔ پیر تک ایک ارب ڈالر پاکستان کو ٹرانسفر کئے جائیں گے۔ 1.6 ارب ڈالر تک مارلیت کا بانڈ جاری کرسکتے تھے لیکن ایک ارب ڈالر کا بانڈ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک ویب سائٹ نے غلط پروپیگنڈا کرکے دوست ملک سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان غلط فہمی پھیلانے کی کوشش کی اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔

سعودی عرب نے 1.5 ارب ڈالر بطور تحفہ دیا تھا اور اس کے واپس مانگنے کی خبریں غلط ہیں اور یہ شرات ہے اور بیمار ذہن کے لوگ یہ شرارت کررہے ہیں۔ ایسے عناصر پاکستان کے دشمن ہیں خبریں پھیلا کر سعودی عرب کو پریشان کرنے کی کوشش کی گئی سکوک بانڈ شریعت کے مطابق جاری کیاگیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی ضروریات اس سے قبل بھی پوری کی ہیں آئندہ بھی پوری کریں گے۔

ضرب عضب کے لئے 250ارب کے اخراجات کئے ہیں پاکستان آرمی کی 9 نئی بٹالینز بنانے کا فیصلہ ہوا تھا 29 نئی ونگز بنا رہے ہیں 15نارتھ کے لئے اور 14بلوچستان کے لئے اس پر چالیس ارب کا خرچ آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں بھارت کا پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا بھارت بلیم گیم میں ملوث ہے بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے قوم اور فوج مکمل طور پر جواب کے لئے تیار ہے پاکستان کی طرف دیکھنے والی میلی آنکھ کو نکال دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوچکے ہیں اور ان میں استحکام برقرار رکھیں گے چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے کہا کہ ملک میں محصولات کی پوزیشن بہتر ہے اگلے کواٹر میں اس میں مزید بہتری کے لئے حکمت عملی بنا رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سکوک بانڈ کے لئے اسلام آباد لاہور موٹر وے کا گروی رکھا گیا جو ضروری تھا۔

متعلقہ عنوان :