چیف جسٹس کاسانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے جج پر مشتمل جوڈ یشل کمیشن تشکیل دینے کاحکم

جمعرات 6 اکتوبر 2016 14:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انورظہیرجمالی نے سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے جج پر مشتمل جوڈ یشل کمیشن تشکیل دینے کاحکم دے دیا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے یہ حکم سانحہ سول ہسپتال سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران کیس میں فریق وکلاء اور بارکی تنظیموں کی درخواست پر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت کے حکم کے مطابق جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پرمشتمل ہوگا ‘کمیشن سانحہ سے متعلق تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ ایک ماہ کے اندر پیش کریگا ‘رپورٹ آنے تک کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔اس سے قبل کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کے ریمارکس تھے کہ ہماری اطلاعات کے مطابق تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے جو حوصلہ افزا ہے ہمیں ان کیمرہ بریفنگ میں سانحہ کی تفتیش سے متعلق بتایا گیاہے۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہناتھا کہ معلومات ایسی نہیں کہ جنہیں یہاں سب کے سامنے بتایاجائے۔