قیدیوں کے لئے مفت تعلیمی پالیسی:اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی وفد کا سنٹرل جیل راولپنڈی کا دورہ

جمعرات 6 اکتوبر 2016 13:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔۔06 اکتوبر۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سینئر ماہرین تعلیم پر مشتمل وفد نے سنٹرل جیل راولپنڈی کا دورہ کیا ۔ وفد نے جیل سپرنٹنڈنٹ ‘ سعیدالله گوندل سے ملاقات کرکے اور قیدیوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2016ء کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس کا ایک سیٹ ان کے حوالہ کیا۔

وفد نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو بتایا کہ یہ فارم تمام قیدیوں میں مفت تقسیم کئے جائیں اور انہیں ہدایت کی جائے کہ داخلہ فارم کو مکمل کرکے 10۔اکتوبر تک جمع کرائیں۔علاوہ ازیں ملک کی دیگر تمام جیلوں میں مقید افراد کے لئے داخلہ فارم اور پراسپکٹس بذریعہ ڈاک ارسال کردئیے گئے ہیں۔ راولپنڈی جیل کا دورہ کرنے والے وفد میں ڈاکٹر زاہد مجید اور راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹر ‘ ملک توقیر احمد خان شامل تھے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی قیدیوں کی تعلیم میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ‘ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں انہوں نے ملک بھر کی جیلوں میں مقید افراد کے لئے یونیورسٹی کے مفت تعلیمی منصوبے میں مزید سہولتوں کا اضافہ کیا اور منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے انہوں نے بذات خود سینٹرل جیل راولپنڈی ‘ لاہور ‘ کوئٹہ اورکراچی کا دورہ کیا اور ہر جیل میں مقید تمام افراد سے ملاقاتیں کیں اور انہیں تعلیمی نیٹ میں لانے کی جانب راغب کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز کی سپورٹ حاصل کرنے کے لئے انہیں خطوط بھی ارسال کئے گئے ہیں اور مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے ڈاکٹر شاہد صدیقی وفاقی محتسب کے ساتھ متواتررابطے میں ہیں۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی کے مطابق منصوبے کا اصل مقصد زیادہ سے زیادہ قیدیوں کو تعلیمی نیٹ میں لانا ہے تاکہ سزا مکمل ہونے کے بعد وہ پرامن اور عزت کی زندگی گزاریں اور معاشرے کے لئے مفید شہری بن سکیں۔ منصوبے کے تحت قیدیوں کو داخلہ فارم اور پراسپکٹس جیل کے اندر ہی مفت فراہم کئے جاتے ہیں اور ان کے لئے تدریسی ورکشاپس ‘ ٹیوٹوریل میٹنگز اور فائنل امتحانات بھی جیل کی حدود ہی میں منعقدکئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :