Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ قومی معاملات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ‘محمد زبیر

تحریک انصاف استعفے دیتی ہے تو ہمیں کو ئی فرق نہیں پڑیگا ‘وزیر مملکت

جمعرات 6 اکتوبر 2016 13:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ قومی معاملات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ‘ تحریک انصاف استعفے دیتی ہے تو ہمیں کو ئی فرق نہیں پڑیگا ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پانامہ پیپرز میں موجود ہی نہیں پھر ان کے خلاف ثبوت کہاں سے آ گئے، پانامہ لیکس میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کے بچوں کے متعلق صرف اتنا کہا گیا ہے کہ ان کی آف شور کمپنیاں ہیں لیکن یہ نہیں کہتے کہ انہوں نے کوئی غلط کام کیا ہے، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ ایک طرف تو ان کے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک وزیراعظم محمد نواز شریف کی دعوت پر نیشنل ایکشن پلان سے متعلق اجلاس میں شریک ہوتے ہیں اور شاہ محمود قریشی بھی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کرتے ہیں لیکن دوسری طرف عمران خان کو اچانک خیال آتاہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہیں جانا حالانکہ یہ مشترکہ اجلاس مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے اور بھارتی جارحیت پر ارکان اسمبلی کی تجاویز کیلئے بلایا گیا ہے جس کا عمران خان نے بائیکاٹ کردیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے رویے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ قومی معاملات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں اور نہ ہی ان کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، ویسے بھی آج تک ملکی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بلائے جانے والے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا،1947ء سے لیکر آج تک کشمیر کی صورتحال پر مشترکہ اجلاس کا جس ایک جماعت نے بائیکاٹ کیا ہے وہ تحریک انصاف ہی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کو پانامہ پیپرز پر ہم نے سپریم کورٹ جانے سے نہیں روکا تھا، وہ خود ہی تاخیر سے سپریم کورٹ گئے ہیں لیکن اب جب وہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں بھی گئے ہوئے ہیں تو انہیں ان کے فیصلے کا انتظار بھی کرنا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگر استعفے دیتی ہے تو اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ پاکستانی عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات