کشمیر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں‘ بعض دوستوں کی ایوان میں عد م موجودگی بد قسمتی ہے ، پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 6 اکتوبر 2016 12:58

اسلام آباد ۔6اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں‘ بدقسمتی سے آج ہمارے بعض دوست ایوان میں موجود نہیں‘ سچ پر ہونے کے باوجود دنیا ہم پر اعتبار کیوں نہیں کر رہی‘ اس پر غور کرنا ہوگا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں‘ ملک کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے ہم میں سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے والا نہیں ہے، بدقسمتی سے آج ہمارے بعض دوست ایوان میں موجود نہیں ہیں۔

ہم سب پاکستان میں تو اکٹھے ہیں مگر عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہیں۔ ہم سچ پر ہیں مگر دنیا ہم پر اعتبار کیوں نہیں کر رہی اس پر غور کرنا ہوگا، ہمیں اپنی خامیوں اور طرز عمل پر غور کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں گزشتہ چند دہائیوں سے جاری اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے مزید سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے ، ہمیں دنیا کے دارالحکومتوں میں جاکر ملک کے مفادات میں سفارتکاری کرنا ہوگی۔ ٹیلی ویژن اور میڈیا پر بات کرنے کی بجائے وہاں بات کی جائے جہاں اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کوئی حل نہیں ہے، ہمیں امن کی طرف بڑھنا ہے اور دنیا میں اپنی تنہائی کو کیسے ختم کرنا ہے اس بارے میں حکمت عملی بنانا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :