کراچی سے پکڑا جانے والا اسلحہ دو ٹرکوں کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل

جمعرات 6 اکتوبر 2016 11:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) کراچی میں عزیز آباد سے پکڑا جانے والا جدید اور مہلک اسلحہ نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عزیز آباد کے مکان سے ملنے والے اسلحے کو ڈی آنی جی ویسٹ کے دفتر سے 2 ٹرکوں کے ذریعے جمعرات کی صبح پولیس کی سخت نگرانی میں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی 6 موبائلیں بھی ٹرکوں کے ساتھ تھیں جن میں حساس اور مہلک قسم کے ہتھیار رکھے گئے تھے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کراچی پولیس چیف مشتاق مہر نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ برآمد شدہ اسلحے کا فرانزک ٹیسٹ کروایا جائے گا جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مہلک ہتھیاروں کو محفوظ کرنے اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے لئے پاک فوج سے مدد مانگی ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز رینجرز نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع مکان پر چھاپہ مار کر پانی کے ٹینک میں چھپائی گئی اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اسلحے کی اتنی بڑی کھیپ شہر میں اس سے قبل پہلے کبھی نہیں پکڑی گئی۔

متعلقہ عنوان :