امریکی محکمہ انصاف نے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے لیے کام کرنے والے ایک کنٹریکٹر ہیرلڈ تھومس مارٹن کو خفیہ دستاویزات کی چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا

جمعرات 6 اکتوبر 2016 11:15

واشنگٹن ۔6اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء)امریکی محکمہ انصاف نے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے لیے کام کرنے والے ایک کنٹریکٹر ہیرلڈ تھومس مارٹن کو خفیہ دستاویزات کی چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے ایک کنٹریکٹر جس پر خفیہ معلومات چوری کرنے کا الزام تھا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

زیرِ حراست کنٹریکٹر کا نام ہیرلڈ تھومس مارٹن ہے اور ان پر سرکاری دستاویزات چوری کرنے اور اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اہم خفیہ معلومات کی چوری کا الزام ہے۔ان کی عمر 51 سال ہے اور انھیں دس سالہ قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔مارٹن کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ ان کے موکل نے امریکہ جس سے وہ بے انتہا محبت کرتے ہیں کو دھوکہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق مارٹن نے بوز ایلن ہیملٹن نامی کمپنی کے لیے بطور کنٹریکٹر خدمات سرانجام دیں۔ یہ وہی کمپنی ہے جس سے این ایس اے کی خفیہ دستاویزات افشا کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن بھی منسلک تھے۔محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ مارٹن کی تحویل سے چھ ایسی دستاویزات ملی ہیں جو خفیہ تھیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ غیر قانونی طور پر یہ معلومات افشا ہو سکتی تھیں اور قومی سلامتی کو شدید خطرہ پہنچا سکتی تھیں۔وارنٹس کے مطابق 27 اگست کو میری لینڈ میں مارٹن کے گھر اور گاڑی کی تلاشی کے دو دن بعد انھیں زیرِ حراست لیا گیا۔