امریکا کی اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں نئی یہودی آبادکاری کی تعمیر کی اجازت دینے پر سخت تنقید

جمعرات 6 اکتوبر 2016 11:14

واشنگٹن ۔6اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) امریکا نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں نئی یہودی آبادکاری کی تعمیر کی اجازت دینے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کی وجہ سے اسرائیل اور فلسطین مسئلے کے دو ریاستی حل کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاوٴس اور وزارت خارجہ نے مغربی کنارے کے علاقے میں 300 نئے مکانات اور صنعتی علاقے کے منصوبے کی منظوری پر تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے ان یہودی آبادکاریوں کی تعمیر کے اعلان سے امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ نئی بستی کی تعمیر اس علاقے پر قبضے کو مزید مستحکم کرے گی اور امن کے لیے اسرائیلی سنجیدگی پر سوال اٹھیں گے۔مارک ٹونر نے کہا کہ یہ بہت پریشان کن بات ہے کہ اسرائیل نے اس نئی بستی کا اعلان ایسے وقت کیا جب امریکہ نے گذشتہ ہفتے ہی اسرائیل کو 3.8 ارب ڈالر کی دس سالہ فوجی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی یہودی آبادکاری اور صنعتی علاقہ پہلے ہی سے قائم یہودی آبادکاریوں کے علاقے میں قائم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :