افغان خواتین سماج کے تمام شعبوں میں موجود ہیں، صدر اشرف غنی

جمعرات 6 اکتوبر 2016 10:57

برسلز۔6 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں خواتین بھی اہم اور کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔برسلز میں افغانستان میں خواتین کے کردار سے متعلق ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر اشرف غنی نے کہا کہ آج سماج کے تمام شعبوں میں خواتین موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان خواتین وزیر بھی ہیں اور سفیر بھی، اور انہیں مکمل آزادی اور خود مختاری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ افغان حکومت میں چار وزارتیں خواتین کے پاس ہیں جبکہ دنیا کے چار ممالک میں خواتین کو سفیر بنا کر بھیجا گیا ہے۔ صدر اشرف غنی نے کہا کہ افغانستان کے آئین کے تحت خواتین کو جو کردار دیا گیا ہے اس پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔افغان خواتین کی تعلیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملکی تعلیمی نظام کا دائرہ وسیع ہوا ہے تاہم معیاری تعلیم کے لحاظ سے ہم نے زیادہ ترقی نہیں کی ہے۔