پانامالیکس معاملے سے دستبردار نہیں ہوئے، بلاول بھٹو زرداری نے پانامالیکس کے خلاف جدوجہد کی مخالفت نہیں کی:مولابخش چانڈیو

بدھ 5 اکتوبر 2016 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیربرائے اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پانامالیکس معاملے سے دستبردار نہیں ہوئی، قومی سلامتی اور کشمیر پر حکومت کا ساتھ دیا ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی بھی پانامالیکس اسکینڈل کے خلاف جدوجہد کی مخالفت نہیں کی۔ ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ اختلافات رکھنا ضروری ہیں، مگر متفقہ فیصلوں کو اہمیت ملنی چاہئے ہم پانامالیکس پر حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد میں سرگرم رہے اور جدوجہد کی حمایت کی، عمران خان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ہمیں اعتماد میں لیے بغیر راؤنڈ مارچ کا علحیدہ فیصلہ کیوں کیا؟۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی بھی پانامالیکس جدوجہد کی مخالفت نہیں کی، ساری دنیا کو بلاول بھٹو سمجھ میں آتے ہیں، یہ پیپلزپارٹی کا عروج کا کمال ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو بلاول سمجھ میں نہیں آتے۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ادارے حالات سے دباؤ لیتے ہیں، پارلیمنٹ کی منظوری سے ہر کام ہونے کا بنیاد تو پڑنے دیا جائے، فیصلہ تو ہونے دیا جائے، پھر درستگیاں ہوجائیں گی۔

قومی سلامتی پر ایک سوال کے جواب میں مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ایک وقت قوم کی زندگی میں ایسا بھی آتا ہے جب پارٹی مفادات اور قائد کی خواہشات کے برعکس بھی کوئی پالیسی اختیار کی جاتی ہے، جو ملک اور قوم کی سلامتی اور خودمختاری کی بات ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا ایک خاص طبقہ پسند ناپسند کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ قوم کے احساسات کو سمجھتے ہوئے پیپلزپارٹی نے سندھ اسیمبلی سے اطلاعات کا بل پاس کروایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی پارٹی ہے، جس کے بانی شیہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک جلسے میں کرپٹ بیوروکریسی کو برا بھلا کہا تھا اور انہوں نے عوامی لیڈر ہوتے ہوئے بھی معافی مانگی تھی، مگر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان تو کئی بار مخالف لیڈروں اور اتحادیوں کو گالیاں دیتے ہیں لیکن انہوں نے کبھی معافی نہیں مانگی۔

مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے بارے میں لوگوں کے لگائے ہوئے اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں اور آئندہ بھی غلط ثابت ہونگے، پیپلزپارٹی آج بھی میدان میں ہے اور چیئرمین پپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کارکنوں کی درمیان ہے۔