متحدہ قومی موومنٹ نے کے الیکٹرک کے خلاف ٹیرف کے اضافے کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی

بدھ 5 اکتوبر 2016 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے کے الیکٹرک کے خلاف ٹیرف کے اضافے کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی ہے۔ قرارداد سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں بدھ کو اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے محمود عبدالرزاق، عظیم فاروقی اور عارف بھٹی کی جانب سے جمع کرائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے شہری پہلے ہی اوور بلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عزاب سہ رہے ہیں۔

کے الیکٹرک نے کراچی میں بجلی کی طلب کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے ٹیرف کے اضافے و دیگر ٹیکسوں کے نفاذ کے لئے نیپرا سے مطالبہ کیا ہے جو غیر قانونی ہے۔ایوان سندھ حکومت سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے زریعے نیپرا کو ٹیرف میں اضافے سے روکے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کے الیکٹرک نے مینٹی ننس اور ٹیرف میں اضافے کی کراچی میں بھی عوامی کچہری میں کھلی مخالفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ کراچی کے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے۔ کراچی کے لوگ زائد بلنگ کی وجہ سے پہلے ہی پریشان ہیں اور مزید ٹیرف میں اضافہ کا مطالبہ مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہیں۔