وزیر اعظم کے پارلیمنٹ سے خطاب سے بھارت کو یہ پیغام گیا ہے کہ قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔ حنیف گوہر

بدھ 5 اکتوبر 2016 22:56

کراچی ۔ 5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس پریزیڈنٹ اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے سابق چیئرمین حنیف گوہر نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن سے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطاب سے بھارت کو یہ پیغام گیا ہے کہ قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی عوام کی طرح تاجر برادری بھی حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ اقدام وقت کی ضرورت اور مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خطاب سے کشمیریوں کو بھی یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستانی قوم ان کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر پاکستان پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، اگر ایسا کیا گیا تو پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نوار شریف نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی اور بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے اور مسئلہ کشمیر پر پوری قوم وزیر اعظم محمد نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :