قومی امور پر جماعتی وابستگی سے بالاتر ہم سب پاکستانی ہیں، مسئلہ کشمیر پر پیپلز پارٹی حکومت کی حمایت کریگی، پاکستانی سرحدی علاقوں کی خلاف ورزی و بھارتی جارحیت کیخلاف قوم آج بھی 65ء والے جذبے سے سرشار اور مسلح افواج کے ساتھ قومی یکجہتی و سلامتی کیلئے متحد ہے،

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا مخدوم ہاؤس میں اجلاس سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 22:54

لاہور۔5 اکتوبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی امور پر جماعتی وابستگی سے بالاتر ہم سب پاکستانی ہیں، مسئلہ کشمیر پر پیپلز پارٹی حکومت کی حمایت کریگی، پاکستانی سرحدی علاقوں کی مسلسل خلاف ورزی اور بھارتی جارحیت کیخلاف قوم آج بھی 1965ء والے جذبے سے سرشار اور مسلح افواج کے ساتھ قومی یکجہتی و سلامتی کیلئے متحد ہے، کشمیر پر حکومت کے ساتھ ہمارا موقف بالکل واضح ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب شوکت بسراء، محمود حیات ٹوچی خان، نوازش علی پیرزادہ، عبدالقادر شاہین اور خواجہ رضوان عالم کے ہمراہ مخدوم ہاؤس لاہور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا موجودہ سنگین صورتحال پر پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس بلانا اچھا اقدام ہے جس سے بین الاقوامی برادری کو واضح پیغام ملاکہ پوری پاکستانی قوم اور تمام سیاسی، مذہبی و دینی جماعتیں متحد اور ملکی سلامتی و سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف ہم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ، مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے دونوں ملکوں کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا کیونکہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ،انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام امن دوستی اور بھائی چارے کے خواہشمند ہیں، دونوں ممالک کے حکومتی سربراہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بات چیت کا دوبارہ آغاز شروع کریں تاکہ ان معاملات کا کوئی حل نکالا جاسکے ، اس موقع پر سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اورچوہدری شوکت بسراء نے کہا کہ پیپلز پارٹی موجودہ صورتحال میں بھرپور کردار ادا کرے گی، محمود حیات ٹوچی خان اور نواز ش علی پیرزادہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی حب الوطنی، سیاسی بصیرت اور دانشمندی کو تمام دوسری جماعتیں تسلیم کرتی ہیں جس کے باعث ملکی سیاست میں ان کا اہم مسلمہ مقام اور کردار ہے، خواجہ رضوان عالم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نئی تنظیمیں آئندہ عام انتخابات کی بھرپور طریقے سے تیاریوں میں مصروف ہیں۔