زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک کشمیری عوام کے ساتھ ہیں ، ایک دن آئے گا کہ پاکستان بھارت پر غالب آئے گا، بھارت کی قیادت ایک پاگل کے ہاتھ میں ہے ، مودی کے پاگل پن کی وجہ سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو گا، بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیاں جان چکی ہیں کہ کشمیر ان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے ، پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے اکائیوں کو ان کا حق دیا جائے ، ، ملک میں قرآن کا نظام نافذ کیا جائے

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال

بدھ 5 اکتوبر 2016 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک کشمیری عوام کے ساتھ ہیں ، پاکستان حق پر ہے اور ایک دن آئے گا کہ پاکستان بھارت پر غالب آئے گا، بھارت کی قیادت ایک پاگل کے ہاتھ میں ہے ، مودی کے پاگل پن کی وجہ سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو سکتا ہے ، بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیاں جان چکی ہیں کہ کشمیر ان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے ، پاکستان کو مضبوط کرنے کے لئے اکائیوں کو ان کا حق دیا جائے ، پاکستان پلوں اور سڑکوں کی تعمیر کے لئے نہیں بلکہ اسلام کے لئے حاصل کیا گیا تھا، ملک میں قرآن کا نظام نافذ کیا جائے ، اپنی زندگی میں وہ پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں جس کے لئے قائداعظم نے اپنی زندگی قربان کی تھی ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے بحث کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتیں آج اپنی سیاسی مخالفتوں کو بھلا کر یہاں متحد ہیں جو مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے آخری لمحے اورخون کے آخری قطرے تک کشمیری عوام کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج بھارت غرور اور تکبر میں ہے ، پاکستان حق پر ہے ، زمانہ گواہ ہے کہ جو حق پر ہوتے ہیں وہ غالب آتے ہیں ، وہ دن نزدیک ہے جب مقبوضہ کشمیر اور سری نگر کے لوگ آزاد فضا میں سانس لیں گے ، مقبوضہ کشمیر کی عوام نے تاریخی جدوجہد کی ہے ، گزشتہ68سالوں میں 1لاکھ سے زیادہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں ، بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد میں کمی نہیں آئی بلکہ بڑھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکوم تنے ہمیں ایک روڈ میپ دیا کہ ہم کشمیریوں کا کس طرح ساتھ دیں ، جب مخلص قیادت ملتی ہے تو سمندر راستے دیتے ہیں ، وہ قیادت نہیں ہے جو ہمیں دوسروں سے ڈراتی ہے ، آج پارلیمان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ 20کروڑ عوام کی قیادت دے ، مودی کے پاگل پن کی وجہ سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو سکتا ہے ، بھارت میں 25سے زائد تحریکیں چل رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اﷲ نے پاکستان کو موقع دیا ہے کہ آج بھارت کی قیادت ایک پاگل کے ہاتھ میں ہے جس سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام نے اپنا حق ادا کر دیا ۔انہوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا ، کشمیری ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے برہان وانی جیسے جوانوں کو جنم دیا ۔ آج بھارتی ایجنسیوں کو پتہ چل چکا ہے کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیتے ہوئے ان کے 18فوجیوں کو جہنم راسل کیا ، آج مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے ، پاکستان کشمیر کے ھوالے سے ایک ریاستی پالیسی بنائے جس کو آئین کی حمایت حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت آج جیلوں میں قید ہے ، ہمیں عالمی سطح پر ان کی رہائی کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئیے ۔حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ اگر آپ عالم اسلام کی قیادت کرنا چاہتے ہیں تو قائداعظم کے پاکستان حاصل کرنے کے لئے مقاصد کو مد نظر رکھ کر پالیسیاں بانتے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں 8سے9کروڑ کی آبادی والے ممالک کی نمائندگی ہے مگر ڈیڑھ ارب سے زائد آبادی کی نمائندگی نہیں ، ہمیں اپنی نمائندگی کے لئے بھی مطالبہ کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین جتنے فاصلے بڑھیں گے پاکستان بھی ان سے اتنا ہی متاثر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہماری لابنگ کمزور ہے جسے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ اور راوالپنڈی کے نالہ لائی بجٹ سے بھی کم ہے ۔ آزاد کشمیر میں بھی مکمل سسٹم دیا جائے اور ان کو مالی طور پر مستحکم کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ جہاد نہ کرتے تو بھارت کا بارڈر بشام کے قریب ہوتا، لوگوں کو غلام نہ بنائیں بلکہ ان کو آزادی دیں اور انہیں اختیارات دیں ۔انہوں نے کہا کہ 1965میں ہم نے پاکستان پلوں اور سڑکوں کے لئے نہیں بنایا تھا ، آج ہمارے بچے کچرے کے ڈھیروں سے کھانا تلاش کرنے پر مجبور ہیں ، ہماراپاکستان حاصل کرنے کا خواب یہ نہیں تھا ، مضبوط پاکستان کے لئے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے اور آئین میں دیئے گئے تمام حق اکائیوں کو دیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ جس اﷲ نے پاکستان بنایا اس اﷲ کا نظام لاؤ اور ملک میں قرآن کا نظام لایا جائے ۔میں اپنی زندگی میں وہ پاکستان چاہتا ہوں جس کو بنانے کے لئے قائداعظم نے زندگی قربان کی