بھارت سرکار اوراس کی آٹھ لاکھ فوج گذشتہ تین ماہ میں بدترین ظلم و بربریت کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دبانے میں ناکام رہی ، پاکستان بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت سمیت پوری قوم تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت کرتی ہے ، مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت غاصب بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا،دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں

دفاع پاکستان کونسل کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری

بدھ 5 اکتوبر 2016 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) دفاع پاکستان کونسل کے اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامئے میں کہاگیاہے کہ بھارت سرکار اوراس کی آٹھ لاکھ فوج گذشتہ تین ماہ میں بدترین ظلم و بربریت کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دبانے میں ناکام رہی ، پاکستان بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت سمیت پوری قوم تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت کرتی ہے ،مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت غاصب بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا ، دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بدھ کو دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں ہونے والے اجلاس کے دوران پاس کردہ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت سرکار اوراس کی آٹھ لاکھ فوج گذشتہ تین ماہ میں بدترین ظلم و بربریت کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دبانے میں ناکام رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت سمیت پوری قوم تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔

مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت غاصب بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔اجلاس میں شامل قائدین دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حریت چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ ، مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر محمد قاسم اور دیگر قائدین کی نظربندیوں اور جیلوں میں ڈالے جانے کی بھی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

کشمیری طلباء کا امتحانات اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کو آزادی پر ترجیح دیناان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔حکومت پاکستان کشمیریوں کے علاج معالجہ اور خوراک پہنچانے کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اٹھائے اور پیلٹ گن جیسے ممنوعہ ہتھیاروں سے متاثرہ کشمیریوں کا پاکستان اور دیگر ملکوں میں علاج ممکن بنانے کیلئے سفارتی سطح پر ہر ممکن اقداما ت اٹھائے جائیں۔

27اکتوبر کو مظفرآباد سے چکوٹھی تک مارچ اور 28اکتوبر کو ہاکی گراؤنڈ اسلام آباد میں بڑی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں موجود تمام ممالک کے سفیروں کو کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر مکمل بریفنگ دی جائے اور وفود کے ذریعہ مختلف ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے۔ اسی طرح اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کی تنظیموں پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ کشمیر میں ہونے والی قتل و غارت کی روک تھام کریں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ محض اپنی عوام کو دھوکہ دینے کیلئے تھا۔ مودی سرکار نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو کشمیر کی آزادی سمیت بھارت کو اپنا وجود برقرار رکھنا بھی مشکل ہو جائے گا۔پاکستانی قوم کا بچہ بچہ انڈیا کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر فائرنگ کھلی دہشت گردی ہے۔

مودی سرکار کی خطہ کے امن کو داؤ پر لگانے کی کوششوں پر بین الاقوامی دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے۔ حکومت پاکستان مسلح افواج کے ساتھ ساتھ قوم کو بھی بھارتی جارحیت کے مقابلہ کیلئے تیار کرے۔ شہری دفاع کی تربیت لازمی قرار دی جائے۔ پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ اجیت دوول نے تیار کیا۔ بی جے پی کی طرف سے اس ایشو کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔

پاکستانی میڈیا کی جانب سے بھارتی پروپیگنڈا کا بھرپور جواب دینا لائق تحسین ہے۔دفاع پاکستان کونسل افواج پاکستان کی جانب سے جارح بھارتی فوج کو ناکوں چنے چبوانے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ غیور پاکستانی قوم کا ہر فرد ازلی دشمن بھارت کو سبق سکھانے کیلئے پاک فوج کے ساتھ اور ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ بھارتی دہشت گردی کیخلاف اور جدوجہد آزادی کشمیر کی مددوحمایت میں سیاسی و مذہبی قیادت کا متحدہونا خوش آئند ہے۔

تمام سیاسی جماعتیں دفاع پاکستان کے مسئلہ پر سیاسی و عسکری قیادت کا ساتھ دیں اوراتحادویکجہتی کے ذریعہ دشمن کو مضبوط پیغام دیا جائے۔ امریکہ نائن الیون کی آڑ میں مسلمانوں کے دینی مرکز سعودی عرب کیخلاف خوفناک سازشیں کر رہا ہے۔حکومت پاکستان اور عوام امریکہ کے ان مذموم مقاصد کیخلاف سعودی عرب کے ساتھ ہیں ۔ مسلم دنیا سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی صلیبی و یہودی لابی کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکیاں دینے والا بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ انڈیا نے ایسی کوئی مذموم حرکت کی تو کشمیر ڈیموں سمیت ان شاء اﷲ پاکستان کا حصہ بنے گا اور امریکہ و اسرائیل سمیت کوئی اسے بچانے میں کامیاب نہیں ہو گا۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا مسئلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کسی بیرونی دباؤ پر چالیس سالہ خدمات کو برباد نہ کیا جائے ۔

چین کی طرف سے برہم پترا کا پانی بند کرنا خوش آئند ہے۔ ہم اس پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ روس اور پاکستان کی فوجی مشقیں کامیاب عسکری پالیسی کا نتیجہ ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل کنٹرول لائن پر جارحیت اور کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کیخلاف ملک گیر تحریک چلائے گی اور اس سلسلہ میں عوامی سطح پر بڑے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :