وزیراعظم آزادکشمیر کی برجیس طاہر سے ملاقات،ایل او سی پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت

کشمیری بھائیوں کی سفارتی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھیں گے،ایل اوسی پر رہنے والی سویلین آبادی کی حفاظت کے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے،آزاد کشمیرکی تعمیر وترقی کے لیے تمام وسائل حاضر ہیں، چوہدری محمدبرجیس طاہر کی گفتگو

بدھ 5 اکتوبر 2016 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی تمام تر سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ وہ بدھ کو وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر سے ملاقا ت کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات کے دوان وفاقی وزیر نے کشمیر کی پرُ امن تحریک آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی عوام کی قربانیوں کوالفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری دیہایوںء سے اپنی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور آزادی کی شمع آج کشمیریوں کی چوتھی اور پانچویں نسل میں بھی بھرپور طریقے سے روشن ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف کشمیری عوام بھرپور قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب پاکستانی پرچم مقبوضہ کشمیر کی سڑکوں اور چوراہوں پر نہیں لہرایا جاتے۔

انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے اس طرف نہتے کشمیری عوام بڑی ہمت اوربہادری سے بھارتی جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فائرنگ سے متاثرہ ایل او سی کے رہائشوں کے اعداد وشمار اکٹھے کیے جارہے ہیں اور کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت حال میں سویلین آبادی کے انخلا کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ایل او سی پر رہنے والے اپنے غیور اور بہادر کشمیری عوام کی ہر قسم کی امداد کے لیے تیار ہیں اور اس ضمن میں وہ خود وزیر اعظم آزادکشمیرکے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے متاثرہ عوام کی داد رسی اور امداد کریں گے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایل او سی پر رہنے والی عوام کی حفاظت کے لیے بنکرز سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے ملاقات میں 27 اکتوبرکو بطور یوم سیاہ منانے کے انتظامات سے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں بھرپور مظاہرے کیے جائیں گے اورمقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔

ملاقات میں آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی باغور جائزہ لیا گیا۔ لیپاٹنل اور شونٹر پاس کی تعمیر سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنوازشریف ان دونوں منصوبوں کی تعمیر سے متعلق گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ان دونوں منصوبوں پر کام ترجیجی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا۔ میرپور واٹر سپلائی سکیم اور میڈیکل کالجز کی مالی مشکلات دورکی جائیں گی ۔

اس کے علاوہ راولاکوٹ اور مظفر آباد ہوائی اڈوں کی اپ گریڈیشن کے عمل کو جلد مکمل کرنے پر بھی اتفا ق کیا گیا۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے آزادکشمیر کومستفید کرانے کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر نے 40کلو میٹر طویل مظفر آباد تا مانسہرہ سڑک کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک آزادکشمیر کی معیشت کے حوالے سے بڑی اہم ہے اور اس شاہراہ کی تعمیر سے آزادکشمیر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے منسلک ہو جائے گا جس کا براہ راست فائدہ آزادکشمیر کے عوام کو ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور آزادکشمیر کو سڑکوں کاا یک مضبوط جال اور انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صحت کی بہتر سہولیات کے لیے تمام تر ضلعی ہسپتال اب گریڈ کیے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ گڈگورننس اور شفافیت کے حوالے سے آزادکشمیر حکومت کو مثالی بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :