صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے بجلی کے ساتھ ساتھ ایل پی جی کی پیدا وار بڑھانے کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کیلئے جی ڈی پی کی سالانہ شرح کو 8 فیصد تک بڑھایا جا سکے

فیصل آبا د چیمبر آف کامرس کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ کاایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 21:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے بجلی کے ساتھ ساتھ ایل پی جی کی پیدا وار بڑھانے کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کیلئے جی ڈی پی کی سالانہ شرح کو 8 فیصد تک بڑھایا جا سکے ۔یہ بات فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے آج ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا مختصر تعارف کرایا اور بتایا کہ اس کے ممبران کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہے جس میں تمام ٹریڈ اور سیکٹر سے منسلک افراد شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چیمبر نے اپنے ممبروں کے مسائل کوہر سطح پر اٹھایا اور انہیں حل بھی کرایا ہے ۔انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا کہ انہوں نے ایک روڈ میپ کے ساتھ چیمبر کے صدر کے طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ معاشی پالیسیاں بنانے سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاور ت کرے اس سلسلہ میں ہم بھی انٹرنیشنل ٹریڈ سے لے کر ڈومیسٹک کا مرس تک ہر سیکٹر اور ہر لیول پر حکومت کو تجاویز دے رہے ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یہ سال فیصل آباد کی تاریخ کا ایک روشن باب ثابت ہو گا ۔صدر چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک توانائی بحران پر پوری طرح قابو نہیں پایا گیا اگرچہ صنعتوں کو بجلی مسلسل سپلائی کی جا رہی ہے لیکن اب بھی موسم کی شدت سے بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگا واٹ تک پہنچ جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ سے ٹیکسٹائل پروسیسنگ کی صنعت بھی شدید متاثر ہوتی ہے انہوں نے حکومتی پالیسیوں کو سراہا جن کی وجہ سے اب ایل این جی مسلسل مل رہی ہے ۔انہوں نے گیس کی فراہمی کے سلسلہ میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ایل پی جی کی روزانہ پیداوار صرف 1600 ٹن ہے جب کہ اس کی کھیپ 2200 ٹن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں ایل پی جی کی پیداوار بڑھانے کی ضرور ت ہے تاکہ صنعتوں کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی ضروریات کو بھی بآسانی پورا کیا جا سکے ۔انہوں نے ایل پی جی کے استعمال میں حفاظتی اقدامات کی ضرور ت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران کو حفاظتی انتظامات بارے محکمہ سول ڈیفنس سے باضابطہ تربیت دلوائی ہے اور توقع ہے کہ ان کی وجہ سے ہونے والے حادثات پرقابو پانے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے ممبروں کو چیمبر کی ممبر شپ لے کر دیں تاکہ ہم چیمبر کے پلیٹ فارم سے ان کے مسائل کے حل کیلئے زیادہ موثر کردار ادا کر سکیں اس سے قبل ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر فاروق اور صدر شاہد جاوید نے بھی خطاب کیا اور ممبران پر زور دیا کہ وہ ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کے بعد متعلقہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن سے لائسنس لیں تاکہ انہیں یہ کاروبار کرنے میں آسانی ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :