تاجر برادری ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرکے پنجاب حکومت تاجر برادری کو مستحکم اور مضبوط کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے‘امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد

بدھ 5 اکتوبر 2016 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راز اس کے محنت کش اور ایماندار طبقات ہوتے ہیں ۔تاجربرادری ملکی معیشت میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے نومنتخب انجمن تاجران منصورہ کے عہدیداران کے اعزاز میں دی گئی عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم انصاف الخدمت گروپ کو مسلم لیگی ایم این اے اور ایم پی اے کے مدمقابل الیکشن جیتنے پر تمام عہدیداران ،حامیان اور تاجران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔عشائیہ تقریب میں جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات این اے 128پی پی 160کے گروپ لیڈرامیر العظیم ،سیکرٹری اطلاعات، جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد ، نومنتخب صدر ملک سیف نتھوکے ، سیکرٹری جنرل میاں حمید اﷲ ، صدر سرکل جماعت اسلامی منصورہ محمد شفیق ملک ذبیح اﷲ بلگن اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت تاجربرادری کے لیے مثبت پالیسیاں بنائے تواس سے ملکی معیشت بہتر ی کی طرف گامزن ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس سسٹم کو آسان ، سادہ اور کرپشن سے پاک کر کے ملکی معیشت کو مضبوط تر بنانے میں تاجران کو اپنا ہمنوا بنا سکتی ہے اور غیر ملکی قرضوں کی لعنت سے چھٹکارا بھی حاصل کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرتی برآمدات کم ہوتی سرمایہ کاری اور بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ کم کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تو کیا جاتا ہے لیکن گرفتار افراد کو مک مکا کر کے چھوڑ دیا جاتاہے اور غریب اور مظلوم صارفین کی داد رسی کہیں نہیں ہوتی ۔انہوں نے تاجروں پرزور دیا کہ وہ اشیاء ضروریہ پر مناسب منافع کمائیں اس سے ان کے مالوں میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہو گا ۔انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کہ وہ تجارت کی افزائش کے لیے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے تاجربرادری کے ساتھ خصوصی تعاؤن کرے اور ان کے مسائل دور کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ تاجر برادری یکسوئی کے ساتھ ملکی ترقی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔